کراچی: سینئر سیاستدان اور ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
فاروق ستار نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد کئی اہم شخصیات بھی وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں۔
گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، چیئرمین این ڈی ایم اے، (ن) لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ پی پی رہنما جام مدد علی اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ وائرس سے انتقال کرگئے۔
ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی محمود جان اور اہلخانہ کورونا میں مبتلا
پشاور: خیبر پختونخوا میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے اور اب صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان اور ان کے گھر والے بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ، بیٹے اور خود کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اہلیہ، بیٹے اور خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر محمود جان نے عوام سے صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔
منبع: جیو نیوز