بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی چینی صدر شی جن پنگ کی تین اہم سربراہی کانفرنسوں میں شرکت اور ان کے نتائج کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ نے اپنے انٹرویو میں چینی صدر کی سربراہی کانفرنسوں میں شرکت کی تفصیلات بتاتے ہوئے صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ سلسلہ وار اہم تصورات اور ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
چینی صدر نے 17 سے 22 نومبر تک برکس ممالک کے بارہویں سربراہ اجلاس، اپیک کے 27ویں غیر رسمی سربراہ اجلاس اور جی 20 کی 15ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کی اور اہم خطابات کیے۔
وانگ ای نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ نےموجودہ پیچیدہ عالمی تبدیلیوں کے پیش نظر، وسیع بین الاقوامی تصورات کو پر اعتماد اور پر سکون انداز سے پیش کیا۔ انہوں نے برکس ممالک، اپیک اور جی 20 گروپ کی تاریخی حیثیت و ارتقا کو واضح کیا اور انسداد وبا اور اقتصادی و سماجی ترقی کی ہم آہنگی کے فروغ ، ’’وبا کے بعد کے دور‘‘ میں بین الاقوامی نظام کی تشکیل اور عالمی معاشی نظم و نسق کو مضبوط بنانے سمیت دیگر اہم امور پر عالمی تعاون کو فروغ دینے کےلیے 23 تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ، صدر شی جن پھنگ نے چین کی نئی ترقی کے تصور پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ چین کھلے پن کو مزید وسعت دے گا۔
ویکسین کی تیاری اور فراہمی کیلیے عالمی برادری سے تعاون کریں گے، چین
چین کے صدر شی جن پنگ نے جی-20 سمٹ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوڈ- 19 ویکسین کے تعاون کو عالمی سطح پر بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے ریاض میں ہونے والی ورچوئل جی-20 سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران عالمی سطح پر نقل و حمل کو آسان بنانے کے لیے پالیسیوں پر عالمی ہم آہنگی بے حد ضروری ہے۔
صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں دوا ساز کمپنیاں اور تحقیقی ادارے کوویڈ 19 کی ویکسین کی تیاری پر کام کر رہے ہیں اور کئی ویکسینز کی ہزاروں رضاکاروں پر آزمائش بھی جاری ہے، چین میں بھی 5 ویکسینز کی تیاری تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
اس حوالے سے چینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین ویکسین کی تحقیق، پیداوار اور منصفانہ تقسیم کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے اور دوسرے ترقی پذیر ممالک کو مدد اور معاونت پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی میزبانی میں ریاض میں دو روزہ جی-20 سمٹ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں رکن ممالک نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ویکیسن کی تیاری اور اس کی تقسیم بھی ایجنڈا کا حصہ تھی۔
منبع: ایکسپریس نیوز