امریکا میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں مسلسل 27 ویں روز کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ 40 ہزار نئے متاثرین سامنے آئے۔
نومبر کے مہینے میں ریکارڈ 40 لاکھ کیسز کا اضافہ ہوا، یہ تعداد اکتوبر کے مقابلے میں دوگنا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تھینکس گیونگ تہوار پر شاپنگ مالز میں رش اور سفر میں اضافے سے آگے زیادہ مشکل حالات آسکتے ہیں۔
ادھر کورونا کیسز بڑھنے پر بھارت کی ریاست تامل ناڈو نے پابندیاں 30 دسمبر اور راجستھان نے 31 دسمبر تک بڑھانے کاعلان کردیا۔
اٹلی میں پیر کو 672، فرانس میں 406 اور برطانیہ میں 205 اموات ہوئیں جبکہ بھارت میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار سے بڑھ گئی۔
دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 6 کروڑ 34 لاکھ ہو گئی۔
تیونس میں 1271، لبنان میں 1266 کورونا مریضوں کی تشخیص

شمالی افریقی عرب ملک تیونس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1271 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 66 مریض انتقال کرگئے ہیں۔
تیونسی میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 96251 ہوگئی ہے۔ جبکہ وبا کے باعث ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3219 ہوگئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک دوسری لہر کی زد کی میں ہے جس میں تمام رہائشیوں کی طرف سے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل بہت ضروری ہے۔
ادھر ایک اور عرب ملک لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1266 نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔
لبنانی محکمہ صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 126903 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز 13 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے اس طرح ہلاک شدگان کی کل تعداد 1004 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 79774 ہوگئی ہے۔
منبع: جنگ نیوز