وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیش کو تحریک عدم اعتماد لانے کا مشورہ دے دیا۔
فردوس عاشق اعوان کا لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھمکیوں سے حکومت ٹس سے مس نہیں ہونے والی، حکومت کو گھر بھیجنے کا آئینی طریقہ موجود ہے اور اسے استعمال کریں، کاغذ کے ایک ٹکڑے پر تحریک عدم اعتماد لکھ کر اسپیکر کو دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، اپوزیشن کے خلاف ہماری پرفارمنس بولے گی۔
مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ منہ میں سونے کا چمچہ لیکر پیدا ہونے والی خواتین کو عورت کے مسائل کا پتہ ہی نہیں، جاتی عمرہ کے محلوں میں بیٹھ کر خواتین کے مسائل جاننا مریم بی بی کے بس کا کام نہیں، آپ کے اپنے خاندان میں تقسیم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن جا کر اسپتال نہیں گئے، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا ہمارا ہدف نہیں ہے، حکومت کسی کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے فریق نہیں بنتی، مریم نواز کا ضمانت پر رہا ہو کر سیاست کرنا قانون کے منہ پر طمانچہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو جلسے سے پہلے ہم سرپرائز دیں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔
منبع: جیو نیوز