جب ہم اسمبلیوں کو چھوڑیں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا: سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جب ہم اسمبلیوں کو چھوڑیں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ 13 دسمبر کو سارے قافلوں کا رخ مینار پاکستان کی طرف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کی خاطر سب کام کیے ہیں لیکن ہمیں غدار تک کہا گیا، کیا سارے وزیراعظم غدار تھے؟

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹمپ بنادیا چنانچہ ہم اسمبلیوں میں نہیں بیٹھیں گے اور  جب ہم اسمبلیوں کو چھوڑیں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

پنجاب حکومت پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے پر ڈٹ گئی

پنجاب حکومت پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے پر ڈٹ گئی ہے۔

پنجاب حکومت کے مطابق صوبے میں 300 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے نوٹیفکیشن کے بعد مزید نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں ہے۔

پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح چار اور لاہور میں 8 فیصد ہو گئی ہے جبکہ لاہور میں دہشتگردی کے ممکنہ خدشے کے باعث ہائی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 پنجاب حکومت کے مطابق جب کورونا پھیل رہا ہو اور دہشت گردی کا خدشہ ہو تو جلسے کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے۔

عوام خود کو کورونا سے بچانے کے لیے اجتماعات میں نہ جائیں۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو مینار پاکستان سے متصل گراؤنڈ پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کو نہ جلسے کی اجازت دیں گے اور نہ ہی انہیں جلسے سے روکیں گے۔

منبع: جیو نیوز

Share This Article

تازه ترین