لاہور کے جلسے کو بہت خطرات ہیں: شیخ رشید کا انتباہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے اپوزیشن کو لاحق بڑے خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کہا ہے کہ لاہور کے جلسے کو بہت خطرات ہیں، شاہدرہ میں بہت بڑے دہشت گرد پکڑے گئے ہیں، اس کے باوجود کوئی اپنے بچوں کو بچا کر غریب کے بچوں کی زندگی خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے تو حکومت نہیں روکے گی۔

انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ جو ریڈ لائن کراس کرے گا اس کے خلاف ایکشن ہو گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں داخلہ امور کے ساتھ میڈيا کی بھی کچھ ذمہ داری ملی ہے، جتنا کر سکے شبلی فراز کا ہاتھ بٹائيں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر بروز اتوار کو مینار پاکستان سے متصل گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم حکومت پنجاب نے متحدہ اپوزیشن کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

گزشتہ رات بارش کی وجہ مینار پاکستان کے میدان کا کچھ حصہ گیلا ہے فوٹو: فائل

لاہور: مینار پاکستان گراؤنڈ میں اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ اتوار کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ جلسے کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کررہی ہے۔ جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، اختر مینگل اور اویس نورانی سمیت دیگر اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ساونڈ سسٹم پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی نغمے اور ترانے بجائے جا رہے ہیں، مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص ہو گا، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔
جلسہ گاہ میں بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے جنریٹر پہنچادیئے گئے ہیں جب کہ روشنی کے لئے خصوصی کھمبے لگادیئے گئے ہیں جن پر لائٹیں نصب ہیں۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز بھی گراونڈ میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

ٹینٹ سروس کی جانب سے کرسیاں فراہم نہ کئے جانے کے بعد میزبان مسلم لیگ (ن) کو اپنی کرسیاں خریدنا پڑ گئیں، گزشتہ رات بارش کی وجہ مینار پاکستان کے میدان کا کچھ حصہ گیلا ہے لیکن میدان میں کرسیاں لگانے اور قائدین کے لئے اسٹیج بھی بنایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز پہنچانے کی اجازت نہ ملنے پر مینار پاکستان پر لکڑی کا اسٹیج بنانے کا کام جاری ہے، مرکزی قائدین کے لئے الگ اور دیگر قائدین کے لئے الگ اسٹیج بنایا جارہا ہے، مرکزی اسٹیج کے عقب میں 20 فٹ اونچی اور 80 فٹ چوڑی مرکزی اسکرین لگائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں 10 فٹ اونچی اور 15 فٹ چوڑی 10 اسکرینز لگائی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔

منبع: جیو نیوز

Share This Article

تازه ترین