امریکا میں اہم شخصیات اور سیاست دانوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن آئندہ ہفتے کورونا ویکسین لگوائیں گے جبکہ نائب صدر مائیک پینس کو جمعے کو ویکسین لگائی جائے گی۔
نومنتخب امریکی صدر کی ٹرانزیشن ٹیم کے مطابق بائیڈن کو اگلے ہفتے کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بائیڈن اور پینس کو اس لیے پہلے ویکسین لگائی جائے گی تاکہ اس ویکسین کے مؤثر اور مضر اثرات سے پاک ہونے سے متعلق عوامی تحفظات کو دُور کیا جا سکے۔
بدھ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ وہ ویکسین لگوانے کے لیے لائن نہیں توڑنا چاہتے بلکہ اسے جلد لگوانے کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو اس کی افادیت اور اس کے محفوظ ہونے کا ادراک ہو سکے۔
امریکا میں گوگل کیخلاف نیا مقدمہ دائر
امریکا میں دنیا کے مقبول سرچ انجن گوگل کیخلاف نیا مقدمہ دائر کر دیا گیا، گوگل پر الزام ہے کہ اس نے آن لائن اشتہاری منڈیوں میں اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے غیر قانونی اقدامات اٹھائے ہیں، گوگل نے اس الزام کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
امریکا کی 10 ریاستوں نے گوگل کیخلاف مقدمہ دائر کیاہے، امریکی ریاستوں نے گوگل پرالزام عائد کیاہے کہ اس نے آن لائن اشتہاری منڈیوں میں اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے غیرقانونی اقدامات کئے ہیں۔
مبینہ اقدامات میں آن لائن اشتہاری نیلامیوں میں ہیرا پھیری کرنے کے لئے فیس بک کے ساتھ معاہدہ کرنا شامل ہے۔
دوسری جانب ترجما ن گوگل نےالزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے کاروبار اور صارفین کو فائدہ پہنچانے کیلئے اسٹیٹ آف آرٹ اور ایڈٹیک سروسزمیں سرمایہ کاری کی ہے، عدالت میں اپنے موقف کا دفاع کرینگے۔
منبع: جنگ نیوز