گزشتہ ہفتے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔
مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکمل صحتیابی کے لیے ابھی آپ سب کی دعاؤں کا محتاج ہوں۔
مولانا طارق جمیل نے ساتھ ہی دعا کی کہ اللہ اپنی رحمت سے اس وبا سے انسانیت کو خلاصی نصیب فرمائے۔
خیال رہے کہ مولانا طارق جمیل میں 14 دسمبر کو کووڈ-19 کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ چند روز سے طبیعت خراب تھی اور ٹیسٹ کروانے پر کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی جاری ایک پیغام میں لوگوں سے صحتیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اور عالمِ دین ہیں، ان کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
رواں سال حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا جو 23 مارچ 2021 کو دیا جائے گا۔
گزشتہ سال وہ عارضہ قلب کے باعث بھی ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے اور انجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔
یکم جنوری 2019 کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی۔
بعد ازاں مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔
منبع: ڈان نیوز