امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے لائیو ٹی وی پر عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین لگوا لی۔
نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو ریاست ڈیلاویئر کے مقامی اسپتال میں ’فائزر‘ اور ’بائیو این ٹیک‘ کی تیار کردہ ویکسین لگائی گئی۔
اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے عمل کو دکھانے کا مقصد یہ ہے کہ جب یہ دستیاب ہو تو عوام اسے لگوانے کے لیے تیار ہوں۔ اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
نو منتخب صدر سے قبل اُن کی اہلیہ جل بائیڈن کو بھی اسی اسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی۔
اس سے قبل امریکی نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ سیکنڈ لیڈی کیرن پینس کو بھی لائیو ٹی وی پر کورونا ویکسین کی خوراک دی گئی تھی۔
لائیو ٹی وی پر کورونا ویکسین لگانے کا اقدام عوام کو کورونا ویکسین کے محفوظ ہونے کی یقین دہانی کروانے کے لیے اٹھایا گیا۔
امریکا :دوران پرواز کورونا کا مریض طیارے میں ہلاک
امریکا کی ایک ڈومیسٹک فلائٹ کے دوران کورونا کے مریض کو دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں مسافر کی موت واقع ہوگئی۔
اورلینڈو سے لاس اینجلس جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کے ایک مسافر کی اچانک طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث طیارے کو نیو اور لینز میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
مسافر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اورلینز کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
مسافر کی اہلیہ کے مطابق اُن کے شوہر کو کورونا بھی تھا جو انہوں نے ایئرلائن کی انتطامیہ سے چھپایا تھا۔
یونائیٹڈ ایئرلائن کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک مسافر کے کورونا ٹیسٹ ہوئے بغیر طیارے میں سفر کی تفتیش جاری ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
منبع: جنگ نیوز