رضوان کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان تیسرے ٹی20 میچ میں کامیاب

پاکستان نے محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی لیکن نیوزی لینڈ نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

نیپیئر میں کھیلے گئے سییرز کے آخری ٹی20 میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

مارٹن گپٹل نے حارث رؤف کا استقبال چھکا لگا کر کیا لیکن اگلی ہی گیند پر پاکستانی فاسٹ باؤلر نے انہیں کپتان شاداب خان کی مدد سے چلتا کردیا۔

https://twitter.com/i/status/1341267662022746112

اگلے ہی اوور میں باؤلنگ کے لیے لائے گئے فہیم اشرف نے کین ولیمسن کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔

پچھلے میچ کے مرد میدان ٹم سیفرٹ اس میچ میں بھی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور تین چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 35 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

https://twitter.com/i/status/1341277271030558721

اسکور 109 تک پہنچا تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوسرے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کے لیے جبکہ فہیم اشرف نے جیمز نیشام کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔

اسکاٹ کگلیجن نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے انہیں چلتا کردیا۔

https://twitter.com/i/status/1341287105704517633

لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیون کونوے نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی۔

کونوے اننگز کے آخری اوور میں 45 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی وکٹ بنے۔

نیوزی لینڈ نے اب تک 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

حیدر علی اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 40رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت پہنچا جب مارٹن گپٹل کی جگہ متبادل فیلڈر کی حیثیت سے میدان میں موجود مچل نے حیدر کا شاندار کیچ لیا، انہوں نے 11 رنز بنائے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے عمدہ شراکت قائم کی۔

محمد رضوان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ حفیظ کے ہمراہ 72 رنز کی شراکت بھی قائم کی اپنی نصف سنچری جبکہ پاکستانی ٹیم اپنی سنچری مکمل کر چکی ہے۔

https://twitter.com/i/status/1341309232252026887

پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب حفیظ 41 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ خوشدل بھی صرف 13 رنز بنا سکے۔

دوسرے اینڈ سے رضوان نے عمدہ کھیل جاری رکھتے ہوئے اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن فہیم اشرف اور شاداب خان یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

محمد رضوان 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

میچ کے آخری اوور میں افتخار نے چھکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

پاکستان کی فتح کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز 1-2 سے جیتنے میں کامیاب رہی۔

اس سے قبل نیپیئر میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے میچ کے لیے تیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور وہاب ریاض کی جگہ محمد حسنین، عماد وسیم کی جگہ افتخار احمد اور عبداللہ شفیق کی جگہ حسین طلعت کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

Image

پاکستان کی ٹیم پہلے ہی سیریز ہار چکی ہے اور قومی ٹیم کو کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔

نیوزی لینڈ نے سیریز کے ابتدائی دونوں ٹی20 میچوں میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: شاداب خان(کپتان)، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد رضوان، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، محمد حسنین، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جیمیسن، اش سودھی، اسکاٹ کگلیجن، ٹم ساؤدھی اور ٹرینٹ بولٹ۔

منبع: ڈان نیوز

Share This Article

تازه ترین