سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ نے رواں مالی سال اپنی کارکردگی مزید بہتر کی ہے اور سندھ حکومت نے ٹیکس وصولی میں 16 فیصد اضافہ کیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کی وصولیوں میں صرف 5 فیصد اضافہ ہوا، وفاقی حکومت صرف پریس کانفرنس اور الزام تراشی پر یقین رکھتی ہے، ناکام اور نکمی جمہور دشمن آئین شکن وفاقی حکومت ہے اور امید ہےکہ اب وفاقی حکومت اپنی کارکردگی پر توجہ دےگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور آمدنی بڑھانے کا کام وفاق نہ یں کرسکتا ، خود کو مسیحا اور تبدیلی لانے کا کہنے والوں کی کارکردگی سامنے ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آئی لینڈ اتھارٹی آرڈیننس 31 دسمبرکو 120 دن مکمل کرکے ختم ہوچکا، پی ٹی آئی کو علم ہے کہ جزائر آرڈیننس کو پارلیمنٹ میں لانے کیلئے ان کے پاس اکثریت نہیں اور نہ ہی متنازعہ آرڈیننس پر ان کے اتحادی ان کا ساتھ دینگے لہٰذا اب جزائر آرڈیننس کو ختم کیا جانا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں 1853 کا جیل ایکٹ نافذ ہے، سندھ میں جیل اور قیدیوں سےمتعلق نیا پروگریسو قانون بنایاگیا ہے اور سندھ حکومت نے جیل سے متعلق نئے قانون پر عمل درآمد بھی شروع کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سینتھٹک ڈرگس کے استعمال پر سزا کا قانون بھی بنایا ہے، آئس اور دیگر نئے قسم کے نشے پر نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرکے سزا ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی جیلوں میں زیر سماعت مقدمات میں گرفتارقیدیوں کی بڑی تعداد ہے۔ کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات لارہے ہیں۔
منبع: جیو نیوز