ااس: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی سربراہی میں ٹیکس اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزرا شبلی فراز اور حماد اظہر، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی عشرت حسین، وقار مسعود اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال 6 ماہ کی مدت میں ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والی رقم 2205 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ ٹیکس کے نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، ٹیکس وصولی کے نظام کو خودکار بنایا جارہا ہے اور ٹیکس دہندگان کو ٹیکس دینے پر مراعات اور سہولیات دی جارہی ہیں، نئے ڈیجیٹل نظام کو اس قدر خودکار بنا دیا گیا ہے کہ اس میں شفافیت کا عنصر نمایاں اور کرپشن و ٹیکس چوری کو کم کیا جا سکے گا۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے ٹیکس فارم کو چھوٹا اور آسان کرکے 5 سے صرف 1 صفحے پر مشتمل بنایا گیا ہے جس میں 200 اینٹریوں کو کم کرکے صرف 24 تک محدود کر دیا گیا ہے، پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ذریعے کمپنی کا براہِ راست تعلق ایف بی آر کے سسٹم سے قائم ہوچکا ہے۔
وزیرِاعظم نے معاشی ٹیم اور مجموعی طور نظام میں اصلاحات لانے والے حکام کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں، نظام میں ایسے اقدامات کا بھی اضافہ کیا جائے جس سے ٹیکس دہندگان کی پزیرائی کی جائے۔
اصل ریٹائرمنٹ توصرف قبرمیں ہی ہوتی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تبدیلی ایک مسلسل عمل کا نام ہے اصل ریٹائرمنٹ توصرف قبرمیں ہی ہوتی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کے 22 کروڑ عوام میں سے صرف 3 ہزار لوگ 70 فیصد ٹیکس دیتے ہیں، ہم جو مرمر کے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں اس میں سے آدھا گزشتہ حکومتوں کے لئے ہوئے قرضوں کی قسطوں پر چلا جاتا ہے، میری زندگی تو بہت آسان ہو جائے اگر میں ان کو این آراو دے دوں، لیکن یہ پاکستان کی تباہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انقلاب کا مطلب ہوتا ہےاسٹیٹس کو کی تبدیلی، اس کیلئےمسلسل جدودجہد کی ضرورت ہے، تبدیلی ایک مسلسل عمل کا نام ہے، یہ کوئی سوئچ نہیں جسے آن کریں تو تبدیلی آگئی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ایک فیصلہ کن مرحلے پر ہیں، ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں، کنسٹرکشن انڈسٹری ٹیک آف کرگئی ہے، سروس انڈسٹری اس وقت پوری دنیا میں بحران کا شکارہے، جب آپ خرچے کم کرتے ہیں تو ڈیمانڈ کو نیچے لاتےہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت کا ایک ہی مقصد ہے، اور وہ پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے۔ اصل ریٹائرمنٹ توصرف قبرمیں ہی ہوتی ہے۔
منبع: ایکسپریس نیوز