لاہور: جنوبی افریقہ سے میچ میں سابق بال پکر بابر اعظم ٹیم کی قیادت کیلیے تیار ہیں۔
بابراعظم کے کرکٹ کیریئر میں قذافی اسٹیڈیم کا کردار بہت اہم ہے،2007 میں آخری بار پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے یہاں ٹیسٹ میچ میں وہ بطور بال پکر گراؤنڈ میں موجود تھے،اب پروٹیز سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ میں میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں،ان کا بطور ٹیسٹ کپتان ڈیبیو بھی ہوگا۔
پی سی بی کی ویڈیو میں بابراعظم نے کہاکہ کرکٹ کے نامور ستاروں کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنے کا شوق مجھے قذافی اسٹیڈیم کھینچ لایا اور بال پکر کا کردار نبھایا،یہ انضمام الحق کے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ تھا،انھیں جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 2 رنز درکار تھے مگر وہ اسٹمپڈ ہوگئے، سابق کپتان کے پویلین واپس لوٹنے اور ڈریسنگ روم میں غصے سے بیٹ مارنے کا منظرمجھے آج بھی یاد ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرکٹ کیریئر کا یہ سفر آسان نہیں رہا،اس دوران بہت قربانیاں دی ہیں، اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے سخت محنت کی،میں اے بی ڈی ویلیئرز کا بڑا پرستار تھا، پریکٹس دیکھنے کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں موجود رہتا تھا، عبدالرحمٰن کی گیند پر پال ڈومنی نے چھکا لگایا تو باؤنڈری کے پار آنے والا کیچ میں نے باآسانی تھام لیا تھا جس پر کمنٹیٹر ای این بشپ نے تعریف کی۔
قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، مصباح الحق
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، تاہم ناقص کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر اب آگے کی طرف نظریں ہیں۔
ورچوئل پریس کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کاردگی اچھی نہیں تھی، بالخصوص نیوزی لینڈ کیخلاف فیلڈنگ نے مایوس کیا، میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، تاہم ناقص کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر اب آگے کی طرف نظریں ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میری تمام تر توجہ سیریز پر ہے جس کے لئے بھرپورتیاریاں کر رہے ہیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم مضبوط ہے تاہم اس کے خلاف بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، 4 روز سے پریکٹس سیشن کر رہے ہیں، فیلڈنگ پر خاص توجہ دی ہے۔ کراچی کی وکٹ کوئی مختلف نہیں ہوگی، پورے سیزن کی طرح روایتی وکٹ ہوگی، ہمیں وکٹ کی اصلیت کا علم ہے، مہمان ٹیم بھی کرکٹ کا حال جانتی ہے، دونوں ٹیمیں وکٹ کو دیکھ کر ہی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ میں اختلافات اور مجھے سائیڈ لائن لگانے کی باتوں میں صداقت نہیں، کپتان اور ٹیم مینجمنٹ ایک پیج پر ہیں، ہر فیصلہ باہمی اتفاق سے کرتے ہیں، تجزیہ اور بحث کے بعد ہی فیصلے کیے جاتے ہیں، باہمی مشاورت سے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، کھیل کے حوالے سے سب پر دباؤ ہوتا ہے، پوری زندگی دباؤ میں کرکٹ کھیلی اور اب طور ہیڈ کوچ بھی مجھ پر دباؤ ہے، لیکن کرکٹ میں کارکردگی دکھانی ہوتی ہے، کیا ہوگا کیا نہیں ہوگا اس بارے میں نہیں سوچ رہا، بابر اعظم بطور کپتان بھی بہتر ثابت ہوسکتے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ ان کی کپتانی میں نکھار آئے گا، ہر کھلاڑی کو اس کا کردار دیا جائے گا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
کراچی: جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، سابق کپتان سرفراز احمد اور سعود شکیل کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، یاسر شاہ، حارث روف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان بھی 17 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہو رہا ہے۔
منبع: ایکسپریس نیوز