خشک سردی اور اسموگ؛ پنجاب میں نمونیہ کے مزید 230 کیس رپورٹ

شفقنا اردو: اسموگ اور خشک سردی کی وجہ سے نمونیہ کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ کے مزید 230 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں نمونیے کے 135 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد لاہور میں مجموعی کیسز کی تعداد 1290 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر نمونیے میں مبتلا بچوں کی تعداد 7963 ہوچکی ہے۔
نمونیہ بچوں میں ہلاکتوں کا سبب بھی بن رہا ہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ سے 7 جبکہ لاہور میں 2 بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔
صوبے میں نمونیے سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 179 تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے اسپتالوں میں نمونیہ ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، صرف چلڈرن اسپتال میں 58 سے زائد بچے زیر علاج ہیں۔
علاوہ ازیں جناح اسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام اسپتال میں بھی نمونیہ اور وائرل انفیکشن کا شکار بچے داخل ہیں۔
دوسری جانب عام مارکیٹ میں نمونیہ ویکسین اور ادویات کی قلت ہوچکی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دریں اثنا ڈائریکٹر سی ٹی ڈی نے اپنے پیغام میں والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو نمونیہ اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔
بشکریہ: ایکسپریس نیوز
Share This Article

تازه ترین