ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلیے پولنگ کا وقت ختم ہوئے تقریباً 11 گھنٹے گزر چکے ہیں تاہم اب تک غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تاخیر کا شکار ہے تاہم الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹےمیں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن ماحول میں منعقد ہوئی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کردی جس میں صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹےمیں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
ملک بھر میں حکومت نے بغیر بتائے موبائل سروس معطل کردی۔ بیشتر علاقوں میں موبائل سگنلز بند، انٹرنیٹ کی سروس بھی متاثر رہی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
انتخابی تنائج میں تاخیر پر تشویش
عام انتخابات میں پولنگ کا عمل 5 بجے ختم ہوا تاہم 11 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی قوم انتخابی نتائج کا انتظار کررہی ہے جبکہ بعض سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے انتخابی نتائج کی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے تاحال کوئی وجہ نہیں بتائی۔
علاوہ ازیں سرکاری ٹی وی، نجی چینلز اور مقامی میڈیا نے نتائج کے اعلان کا عمل شروع کیا، لیکن پیش رفت سست رہی، سندھ اور خیبرپختونخوا کے بعض حلقوں کے نتائج ابھی تک باقی ہیں۔ اگرچہ اندرون سندھ سے نتائج سامنے آرہے ہیں لیکن صوبائی دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نتائج سست رفتاری سے سامنے آرہے ہیں۔
بشکریہ: اردو ایکسپریس :