چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”ایک قریبی دوست اور پڑوسی ہونے کے ناطے چین پاکستانی عوام کے انتخاب کا مکمل احترام کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بیجنگ کو پوری امید ہے کہ پاکستان میں تمام متعلقہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے بعد سیاسی وحدت اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے اور قومی ترقی کی خاطر مستقبل کی تشکیل کے لیے مشترکہ طورپر مل کر کام کریں گی۔
پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے طور پر وفاقی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد حاصل نہیں کرسکی ہے۔ پاکستان کی 264 رکنی قومی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے کم از کم 134اراکین کی ضرورت ہوتی ہے۔
حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں نے ہی انتخابات میں کسی بھی طرح کی دھاندلی سے انکار کیا ہے۔