ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے، مزار قائد پر حاضری
Share
شفقنا اردو:اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے، گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، صدر نے مزار قائد پر حاضری دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایرانی صدر ایئرپورٹ پہنچے جہاں استقبال کرنے والوں میں آصفہ بھٹو، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ ، سعید غنی ، سردار شاھ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایرانی صدر وہاں سے گورنر ہاؤس پہنچے
گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر مزار قائد پہنچے جہاں انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔
بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں اُن کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری اور صوبائی وزرا؍، شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو نے استقبال کیا۔
ایرانی صدر کی گورنر سندھ سے ملاقات
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی صدر اور گورنر سندھ نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلہ بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ ابراہیم رئیسی نے سندھ میں بہترین مہمان نوازی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکریہ بھی ادا کیا۔