شفقنا کھیل: پیرس اولمپکس 2024ء کے فٹ بال ایونٹ فائنل میں سپین نے فرانس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 گولز سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا، سرگیو کمیلو نے اضافی وقت میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جمعرات کو پیرس میں کھیلے گئے اولمپکس فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں سپین کی مردوں کی فٹ بال ٹیم نے میچ کے اضافی وقت کے بعد میزبان فرانس کو 3-5 سے شکست دے کر اولمپک گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
سپینش کھلاڑیوں نے ایک گول کے خسارے کو ہاف ٹائم میں 1-3 کی برتری میں بدل دیا لیکن فرانس نے آخری منٹ کی پنالٹی سمیت 2 مزید گول کرنے کے بعد میچ کو اضافی وقت تک پہنچا دیا۔ سپین نے اضافی وقت میں گول کرکے ہوم گرائونڈ میں گولڈ میڈل کیلئے پرامید فرانس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔سپین کی طرف سے آخری دو گول سرگیو کیمیلو نے کئے۔
واضح رہے کہ سپین نے بارسلونا اولمپکس 1992 ء کے بعد مردوں کے فٹ بال ایونٹ میں پہلا گولڈ اپنے نام کیا ہے۔ واضح رہے کہ سپین کی مینز فٹ بال ٹیم نے آخری مرتبہ 1992ء میں اولمپکس گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جبکہ اسے تقریباً تین سال قبل ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں برازیل سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔