شفقنا اردو: وقت ایک پراسرار چیز ہے اور اس کے بارے میں ہمیں کافی کچھ معلوم نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس بارے میں جاننے کا تجسس ہر فرد میں ہوتا ہے۔
مگر پیچیدہ اسرار سے قطع نظر کچھ اصطلاحات ایسی ہیں جو وقت کے ساتھ استعمال کی جاتی ہیں، مگر بہت کم افراد کو ان کا مطلب معلوم ہوتا ہے۔
جیسے اے ایم پی ایم کی اصطلاح کا کیا مطلب ہے، اس کا درست علم زیادہ تر افراد کو نہیں۔
مگر اس سے ہٹ کر بھی ایک دلچسپ اسرار گھڑیوں سے جڑا ہے۔
اگر آپ کسی کو انگلش میں گھڑی پر موجود وقت بتائیں اور سوئیاں 4 بجا رہی ہوں تو ہم فور او کلاک کہیں گے۔
مگر آخر فور اور کلاک کے درمیان او کا مطلب کیا ہوتا ہے؟
اس کا جواب کافی دلچسپ ہے۔
درحقیقت او کلاک ایک جملے کا مخفف ہے اور اس کی وجہ ماضی میں چھپی ہوئی ہے۔
ماضی میں گھڑیاں بہت نایاب ہوتی تھیں اور بیشتر افراد سورج یا چاند کی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے وقت کا اندازہ لگاتے تھے۔
مگر سورج یا چاند کی پوزیشن سے جس وقت کا اندازہ لگایا جاتا، وہ اکثر گھڑیوں کے وقت سے مختلف ہوتا تھا۔
تو اس وقت گھڑی سے وقت بتاتے ہوئے آف دی کلاک (اب او کلاک) کہا جاتا تھا۔
مگر بیشتر افراد کو لگتا تھا کہ پورا جملہ بولنے میں کافی وقت لگتا ہے تو 1560 میں اس کا مخفف او کلاک کی شکل میں سامنے آیا۔
ایسا کہا جاتا ہے کہ آئرش افراد نے اسے استعمال کرنا شروع کیا جو بنیادی طور پر آف دی کا مخفف ہے۔
اس عہد میں او کلاک کے مقابلے اے کلاک بھی کہا جاتا تھا مگر یہ مخفف 19 ویں صدی میں دم توڑ گیا۔