اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تازہ ترین حملوں کے بارے میں ہمیں کیا جاننے کی ضرورت ہے/امجد عزیز

حزب اللہ اور اسرائیلی افواج نے لبنان -اسرائیل سرحد کے  آرپار حملوں کا تبادلہ کیا ہے جس میں وہ 7 اکتوبر سےحملوں اور جوابی  کاروائیوں میں مشغول ہیں ، جبکہ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جولائی کے آخر میں کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے جواب میں اسرائیل پر جوابی حملے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اس سے قبل اتوار کے روز اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے جنوبی لبنان پرقبل از حملہ دفاع کے تحت فضائی حملے شروع کیے تھے جب کہ اس نے شمالی اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے حزب اللہ کی تیاری کا پتہ لگایا تھا۔
حملوں کا تبادلہ
حزب اللہ کا "جواب” متوقع تھا، کیونکہ یہ حزب اللہ اور اس کی اتحادی حماس کے سینئر کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ، جس کا الزام اسرائیل پر لگایا گیا تھا، کے ہفتوں بعد کیا گیا ہے ۔
لبنانی گروپ نے کہا کہ اس نے 11 اسرائیلی فوجی اڈوں اور بیرکوں پر 320 سے زیادہ’  کاتیوشا ‘ راکٹ فائر کیے جن میں میرون بیس اور مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں چار مقامات بھی شامل ہیں۔
دونوں فریق مہینوں سے ترکی بہ ترکی حملوں کا تبادلہ کر رہے ہیں، اتوار کو حملوں میں واضح اضافہ ہوا ہے۔
"لبنان پر زیادہ تر اسرائیلی حملے سرحدی علاقے میں تھے، جو 120 کلومیٹر [74 میل] سرحد کے ساتھ 5 کلومیٹر گہرائی میں تھے،” الجزیرہ کی زینہ خدر نے لبنانی قصبے مرجعون سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا۔
خصوصی صورتحال
اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے اتوار کی صبح 6 بجے (03:00 GMT) سے 48 گھنٹوں کے لیے،  ملکی سطح پر
"خصوصی صورتحال” کا اعلان کیا، جو  ایک طرح سے ہنگامی صورتحال ہے۔
اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے کو صبح کے اوائل میں عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جب کہ شمالی اسرائیل میں کچھ لوگوں کے  زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔اسرائیلی فوج نے شمالی اسرائیل اور گولان کی پہاڑیوں میں شہریوں پر پابندیوں کے سلسلے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ان ڈرونز کو روکا جو "ملک کے وسطی حصے میں ایک اسٹریٹجک ہدف کی طرف” لانچ کیے گئے تھے، یہ بتائے بغیر کہ یہ کب کیا گیا تھا۔
اتوار کی صبح کیا ہوا اس کی تفصیلات  کچھ یوں ہیں:
اصل میں ہوا کیا ؟
اسرائیلی جیٹ طیاروں نے اتوار کی صبح جنوبی لبنان پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حزب اللہ کے راکٹ لانچروں کے خلاف ایک پیشگی حملہ تھا جو اسرائیل پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اسے پتہ چلا کہ حزب اللہ صبح 5 بجے وسطی اسرائیل کی طرف سینکڑوں میزائل داغے گی، اسرائیل کے آرمی ریڈیو نے بتایا کہ اس نے آدھا گھنٹہ پہلے 100 اسرائیلی جیٹ طیاروں سے حملہ کیا۔
لبنانی گروپ نے کہا کہ حزب اللہ نے گزشتہ ماہ کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے بدلے میں شمالی اسرائیل پر راکٹوں اور ڈرون سے حملہ کیا۔
لبنانی گروپ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا کہ گروپ نے گذشتہ ماہ کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے بدلے میں شمالی اسرائیل پر سینکڑوں ڈرون اور راکٹ داغے تھے۔
ایک ٹیلی ویژن تقریر میں، اس نے یہ بھی اصرار کیا کہ اسرائیلیوں نے اس حملے کا اقرار نہیں کیا اور نہ ہی اسے منظر عام پر لائے۔ حسن نے اسرائیلی دعووں کو مسترد کر دیا کہ اس کی فوج نے لبنانی گروپ کے راکٹ لانچروں کو تباہ کر دیا ہے۔
"اس بارے میں بات کریں کہ مزاحمت [حزب اللہ] 8,000 یا 6,000 راکٹ اور ڈرون کیسے داغنے جا رہی تھی اور یہ کہ [اسرائیل] نے اسے کیسے ناکام بنایا ؟ یہ سب جھوٹے دعوے ہیں،” نصر اللہ نے مزید کہا کہ "درجنوں راکٹ لانچرز” کو تباہ کر دیا گیا – لیکن یہ ہوا اسرائیل پر حزب اللہ کے حملے کے بعد۔
کیا کوئی زخمی یا ہلاک ہوا ؟
لبنان کی این این اے نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان میں قاسمیہ میں ڈرون حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور بعد میں اسرائیلی فضائی حملے میں لبنانی قصبے خیام میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
اسرائیلی شہر ایکرے میں بھی کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کس نے کس کو نشانہ بنایا ؟
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے حملے میں 11 اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں میرون بیس اور مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں چار مقامات شامل ہیں۔ اپنی ٹیلی ویژن تقریر میں نصر اللہ نے کہا کہ اس کارروائی کا اصل ہدف تل ابیب کے قریب گلیلوٹ میں قائم اسرائیلی انٹیلی جنس تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گروپ کا تل ابیب میں بین گوریون ہوائی اڈے اور اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت سمیت اہداف کو نشانہ بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ لبنانی گروپ کا آج کے حملے میں درستگی سے نشانہ بنانے والے  میزائل استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن وہ مستقبل قریب میں انہیں استعمال کر سکتا ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے ہزاروں راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا۔
تو ابھی کیا ہو رہا ہے؟
ایسا لگتا ہے کہ صورتحال کم از کم وقتی طور پر،  پرسکون ہوگئی ہے۔
حزب اللہ نے اپنے لانچ سائٹس کو نشانہ بنانے کے اسرائیل کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس نے اسرائیل پر اپنے جوابی حملے کا "پہلا مرحلہ” کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اسرائیل نے اپنے شمال کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں، لیکن دوسری صورت میں، بین گوریون ہوائی اڈہ چند گھنٹوں کے لیے بند رہنے کے بعد دوبارہ کھلنے سے معاملات پرسکون دکھائی دیتے ہیں۔
کیا اس کا مطلب حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ ہے؟
لیونٹ انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک افیئرز کے ڈائریکٹر سمیع نادر کے مطابق، اس میں "پورے خطے کو مکمل جنگ کی طرف راغب کرنے کی صلاحیت ہے”، لیکن حزب اللہ اور اسرائیل "اس سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں”۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "اسرائیل مکمل جنگ نہیں چاہتا لیکن زمینی صورت حال کے مطابق کاروائی کرتا رہے گا۔”
آگے کیا ہوتا ہے؟یہ واضح نہیں ہے، لیکن تجزیہ کار سمیع نادر نے الجزیرہ کو بتایا کہ یہ واقعات "آپریشن کے دائرہ کار اور شدت کے لحاظ سے بڑے اضافے” کا اشارہ دیتے ہیں۔
‘مکمل جنگ سے بچنے کی کوشش’
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف اس کے زیادہ تر حملے فی الحال جنوبی لبنان میں ہیں لیکن وہ کسی بھی جگہ پر حملہ کرے گی جہاں کوئی خطرہ ہو گا۔
گزشتہ ماہ تہران میں حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ اور بیروت میں شکر کے قتل کے بعد عالمی سطح پر علاقائی تنازعے کے خدشات بڑھ گئے، دونوں قتلوں  کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا۔
لیونٹ انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹیجک افیئرز کے ڈائریکٹر سمیع نادر نے الجزیرہ کو بتایا کہ اسرائیل کے حملوں میں "پورے خطے کو مکمل جنگ کی طرف راغب کرنے کی صلاحیت ہے”، حالانکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ دونوں فریق مکمل جنگ سے بچنے کی کوشش کریں گے۔
دریں اثنا، امریکہ نے اتوار کو کہا کہ وہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا رہے گا۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سیویٹ نے ایک بیان میں کہا کہ صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر، "سینئر امریکی حکام اپنے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہے ہیں”۔
تاہم، الجزیرہ کی زینا خدر کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان میں "خود کے دفاع” اور اسرائیلیوں کو حملوں سے بچانے پر توجہ دی گئی ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل اس وقت کشیدگی میں اضافہ نہیں کرے گا۔
شفقنا اردو
پیر، 26 اگست 2024
نوٹ: شفقنا کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں
Share This Article

تازه ترین

پاکستان میں کرپشن اور اس کا حل