مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمی میلاد کانفرنس 2024 مینارِ پاکستان، لاہور کے سرسبز میدان میں منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے خطاب میں ’’سیرت نبوی(ص) اور حلم‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
اس عظیم الشان اجتماع میں پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری، وکلا، اور طلبہ تنظیموں کے سربراہان عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج کی زینت بنے۔ پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر نصب دیو قامت جدید ڈیجیٹل اسکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہِ راست دکھایا گیا۔
محفل میلاد میں عالمی شہرت یافتہ ایران قارئین قرآن کی شرکت
محفل میں ایران سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت قارئین قرآن حامد شاکر نژاد، احمد ابوالقاسمی اور حجت الاسلام قاسمیان نے بھی شرکت کی۔
ایران معروف قارئین قرآن کی شرکت کا اعلان سن کر بڑی تعداد میں لوگوں نے محفل میں قارئین کو سننے کے لئے شرکت کی۔ نوجوان طبقے کا جوش و خروش قابل دید تھا۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت ہر مومن کا سرمایہ ایمان ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
جشن میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم (ص) سے محبت ہر مومن کا سرمایۂ ایمان ہے، اور تحریکِ منہاجُ القرآن پچھلی چار دہائیوں سے عشقِ مصطفی (ص) کی شمع کو فروزاں کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔
مینارِ پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عاشقانِ رسول (ص) کو اپنے دامن میں سمیٹ کر اس بات کا گواہ بنتا ہے کہ یہاں حضور (ص) کی ولادت کا جشن منا کر امتِ مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں، اور پورا سال ان کے دل محبت مصطفی (ص) کی تپش سے دھڑکتے رہتے ہیں۔
عید میلاد النبی مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا موقع فراہم کرتی ہے، علامہ راجا ناصر جعفری
جشن میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ میلاد النبی کی محفل میں کوئی اجنبیت محسوس نہیں ہوتی ہے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع ہفتہ وحدت بین المسلمین مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اتحاد بین المسلمین کے سلسلے میں کوششوں کو مزید تیز کرنا چاہئے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ ایرانی قراء کی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال محفل فاؤنڈیشن ایران کے قراء حضرات عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے محفل فاؤنڈیشن ایران کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈپلومیٹک و انٹر فیتھ سہیل رضا، منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن کے پرنسپل علامہ محمد عباس نقشبندی، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ محمد اشفاق چشتی، قاری خالد حمید کاظمی تحفیظ القرآن ڈویلپمنٹ کونسل کے ممبران موجود تھے۔
تحریک منہاج القرآن کے وفد نے کہا کہ ہم عالمی میلاد کانفرنس میں تشریف لانے پر معروف انٹرنیشنل ایرانی قراء قاری حامد شاکر نژاد، قاری غلام رضا قاسمیان، قاری محمد حسین عظیمی خوشرودی، قاری احمد ابو القاسمی، اور قاریہ ثنا و حدیث نظری کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ قراء حضرات عالمی میلاد کانفرنس میں خصوصی شرکت کریں گے اور منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن لاہور کا خصوصی دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ اساتذہ اور طلبا سے بھی ملاقات کریں گے۔