شفقنا اردو: احتجاج کے لیے آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے راولپنڈی میں کمیٹی چوک پر لگے کنٹینرز ہٹا دیے گئے، اس موقع پر کارکن شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد کمیٹی چوک سے لیاقت باغ کی جانب مارچ کررہی ہے۔
پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کردی گئی، جس کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ مری روڈ، کمیٹی چوک سے لیاقت باغ کے علاقے میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تصادم جاری ہے، کارکن پولیس پر پتھراؤ کررہے ہیں۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سےآنسو گیس کی شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے شیل قریبی گھروں میں گرے سے خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ میڈیا کے نمائندے بھی شیلنگ کی زد میں آ رہے ہیں۔