شفقنا اردو: پاکستان نے فلسطینی عوام کے لیے طبی امدادی اشیا پر مشتمل 10ویں امدادی سامان پر مشتمل کھیپ غزہ کے لیے روانہ کر دی ہے۔
اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک کارگو فلائٹ اردن کے دارالحکومت عمان کے لیے روانہ ہوئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ عمان میں پاکستان کے سفیر کو فلسطینی عوام کو امدادی سامان کی جلد منظوری اور ترسیل کے لیے تعاون فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
عمان سے یہ امدادی طبی سامان اسرائیلی حملوں سے متاثر ہونے والے فلسطینی علاقے غزہ کے مختلف حصوں کو پہنچایا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر کراچی ایئر پورٹ پر تقریب کے مہمان خصوصی سندھ سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن تھے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر نجیب درانی نے وزارت خارجہ کی نمائندگی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ تقریب میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور خاص طور پر سپانسرنگ فاؤنڈیشن سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل بھی پاکستان غزہ پر اسرائیلی حملوں سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان روانہ کر چکا ہے۔
سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد پاکستان سے غزہ کے شہریوں کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ 19 اکتوبر 2023 کو روانہ کی گئی تھی، جب کہ اب تک مجموعی طور پر ہزاروں ٹن امدادی سامان اسرائیلی حملوں سے متاثر ہونے والے فلسطینی علاقوں کو بھیجا جا چکا ہے۔