شفقنا اردو: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پربراہ راست حملہ کیا ہے، آج کا حملہ اسٹیٹ کی طرف سے اسٹیٹ پر حملہ ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میتھیو ملر نے کہا کہ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے سے آگاہ ہیں، ایران نے اسرائیل پر تقریبا 200 میزائل فائر کیے، حملوں کے خلاف اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملے سے پہلے امریکا کو آگاہ نہیں کیا، حملوں کے دوران اور بعد امریکا اسرائیل رابطے میں رہے، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران کے میزائل حملوں کو روکنے کیلئے امریکا نے اسرائیل کی مدد کی، ایرانی حملے میں امریکی تنصیبات محفوظ ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجماننے کہا کہ ایران سالوں سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے، حماس مذاکرات کی میز پر نہیں آرہا تھا، حماس کے مذاکرات پر راضی نہ ہونے کی وجہ سے سیز فائر نہیں ہوسکا۔