بھارت اور پاکستان جنگ بندی پر متفق: اس کا کیا مطلب ہے؟ شہریار حسن

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ ہندوستان اور پاکستان گزشتہ چند دنوں کی مختصر لڑائی  کے بعد جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل ہفتے کے روز، دونوں پڑوسیوں نے ایک دوسرے کے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جب پاکستان نے اپنے تین ایئربیس کو بھارت کے ہوا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے  کے بعد "آپریشن بنیان مرصوص” شروع کیا۔ دونوں فریقوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے زیادہ تر پروجیکٹائل کو روکا ہے، لیکن یہ بھی تسلیم کیا کہ کچھ حملوں سے نقصان  بھی ہوا۔
بھارت کی جانب سے بدھ کے روز ’آپریشن سندور‘ کے تحت میزائل داغے جانے کے بعد سے اب تک 60 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ بھارت نے دعوی کیا تھا کہآپریشن سندور کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ’دہشت گردوں کے کیمپوں‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان نے متنازعہ کشمیر کے علاقے کو تقسیم کرنے والے دونوں ممالک کے درمیان ڈی فیکٹو سرحد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس کی جانب 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ان حملوں نے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان وسیع تر تصادم کا خدشہ پیدا کر دیا تھا۔ اگرچہ بین الاقوامی ثالثی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعات کو پہلے بھی حل کیا ہے، لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا یہ جنگ بندی برقرار رہے گی اور کیا لوگ سکون سے رہ سکیں گے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کن باتوں پر اتفاق ہوا؟
ٹرمپ نے ہفتے کے روز اپنے Truth Social پلیٹ فارم پر لکھا، "امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی ایک طویل رات کی بات چیت کے بعد، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔”
"دونوں ممالک کو کامن سینس اور ذہانت کے استعمال پر مبارکباد۔ اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ!” سمجھا جاتا ہے کہ ان مذاکرات میں متعدد ممالک شامل ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے کچھ دیر بعد جنگ بندی کی تصدیق کی۔
مصری نے ایک مختصر بیان میں کہا، "ان کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں فریق زمین، فضائی اور سمندری طور پر تمام لڑائی اور فوجی کارروائی کو آج ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق 17:00 بجے [11:30 GMT] سے روک دیں گے۔”
اس مفاہمت کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دونوں اطراف کو ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز 12 مئی کو 12 بجے دوبارہ بات کریں گے۔
ڈار کے مطابق، بھارت اور پاکستان نے معاہدے کے بعد فوجی چینلز اور ہاٹ لائنز کو بھی فعال کر دیا ہے۔
کیا اب دونوں ممالک مزید بات چیت کریں گے؟
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور پاکستان نے "غیر جانبدارمقام پر وسیع مسائل” پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم، سوشل میڈیا پر ایک بیان میں، ہندوستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے جزوی طور پر اس کی تردید کرتے ہوئے کہا: "کسی اور جگہ پر کسی دوسرے معاملے پر مذاکرات کا کوئی فیصلہ نہیں ہے۔”
لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی میں ساؤتھ ایشین انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سبیر سنہا (Subir Sinha)نے الجزیرہ کو بتایا کہ وسیع تر دوطرفہ بات چیت ایک بہت ہی چیلنجنگ عمل ہو گا کیونکہ بھارت پہلے بھی ایسی پیش رفت کو مسترد کر چکا ہے۔
سنہا نے کہا، ’’پاکستان کے تئیں اپنی نام نہاد مضبوط پالیسی کے بارے میں ایک دلیل جو مودی کی حکومت نے اپنائی تھی وہ یہ تھی کہ اب بیٹھ کر مسائل کے حل کے لیے وسیع اور طویل مدتی عزم پر بات چیت کرنا ممکن نہیں رہا۔‘‘
لہٰذا، یہ بھارتی حکومت کی پوزیشن کو پلٹنےھ کی علامت ہوگی اور یہ بھارت میں دائیں بازو کے ساتھ کھلواڑ سمجھا جائے گا، جن کے ارکان پاکستان پر حملے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سنہا نے کہا کہ سندھ آبی معاہدہ، جس میں بھارت نے اپنی شرکت کو معطل کر دیا تھا اور شملہ معاہدہ، جس سے پاکستان نے دستبردار ہونے کی دھمکی دی تھی، دونوں کو مکمل طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہوگی اور "شاید آگے بڑھنے کےاقدام کے طور پر دیکھا جائے گا”۔
کیا واقعی پاکستان اور بھارت جنگ میں تھے؟
سرکاری طور پر، نہیں. میزائل حملوں، ڈرون حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری سمیت شدید فوجی تبادلوں کے باوجود، کسی بھی حکومت نے جنگ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
ہندوستان اور پاکستان نے اس کے بجائے اپنی فوجی کارروائیوں کو مخصوص مربوط "فوجی کارروائیوں” کے طور پر بیان کیا۔
22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر ایک مہلک حملے کا جواب دیتے ہوئے-جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر لگایا تھا-بھارت کی جانب سے "آپریشن سندور” شروع کرنے کے چند دن بعد، پاکستان نے ہفتے کے روز ایک جوابی حملہ کیا جس کا نام "بنیان مرصوص”، ہے جو ایک عربی لفظ ہے اور جس کا مطلب ‘ آہنی دیوار’ ہے۔
تاہم، یہ ان دونوں ممالک کے لیے غیر معمولی نہیں ہے۔ انہوں نے پچھلے بڑے تنازعات میں باضابطہ طور پر جنگ کا اعلان نہیں کیا، یہاں تک کہ ہزاروں فوجی اور عام شہری مارے گئے۔
کیا تیسرے فریق کی مداخلت سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعات پہلے حل ہوئے ہیں؟
جی ہاں تیسرے فریق کی ثالثی نے 1947 سے تنازعات کو حل کیا ہے، جب برصغیر اپنی آزادی کے وقت تقسیم ہوا اور ہندوستان اور پاکستان نے اپنی پہلی جنگ لڑی۔ ریاست جموں و کشمیر کی ملکیت پر ایک سال تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد، 1948 میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی نے کشمیر کو مؤثر طریقے سے ہندوستان اور پاکستان کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان تقسیم کر دیا۔
1965 کی ہند-پاکستان جنگ جنوری 1966 میں سابق سوویت یونین کی ثالثی کے بعد تاشقند اعلامیہ کے ساتھ ختم ہوئی۔ اس معاہدے میں ہندوستانی وزیر اعظم لال بہادر شاستری اور پاکستانی صدر ایوب خان نے جنگ سے پہلے کی پوزیشنوں پر واپس جانے اور سفارتی اور اقتصادی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا۔
1999 کی کارگل جنگ کے دوران، پاکستانی فوجیوں نے ایل او سی عبور کر کے بھارتی پوزیشنوں پر قبضہ کر لیا۔ اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو بین الاقوامی تنہائی کا انتباہ دیتے ہوئے دستبرداری پر آمادہ کیا۔
2002 میں، اس وقت کے امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے دسمبر 2001 میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے بعد ایل او سی کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی تھی۔ اگلے جون میں، پاول نے کہا کہ مذاکرات
کے ذریعے، انہیں پاکستان کے صدر پرویز مشرف کی طرف سے یقین دہانی ملی تھی کہ "دراندازی اور پاکستانی گروہوں کی سرگرمیوں کو روکا جائے گا”۔
کون سے چیز تصادم کو ‘جنگ’بناتی ہے؟
کوئی واحد تعریف نہیں ہے۔ بین الاقوامی انسانی قانون، جیسا کہ جنیوا کنونشنز، "جنگ” کے بجائے "بین الاقوامی مسلح تصادم” کی اصطلاح استعمال کرتا ہے، اس کی تعریف ریاستوں کے درمیان مسلح افواج کے کسی بھی استعمال کے طور پر کرتا ہے، قطع نظر اس کے کہ دونوں فریق اسے "جنگ” کہتے ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایک وکیل احمر بلال صوفی کے مطابق، جو بین الاقوامی قانون میں بھی مہارت رکھتے ہیں، جدید بین الاقوامی قانون میں، طاقت کے مکمل استعمال کو "مسلح تصادم” کے طور پر درجہ بندی کیا جاتا ہے، قطع نظر اپنے دفاع جیسے جواز کے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی معطلی جنگ کے آغاز کا اشارہ بھی دے سکتی ہے۔ بھارت نے 23 اپریل کو پاکستان کے ساتھ تاریخی سندھ آبی معاہدے میں اپنی شرکت معطل کر دی تھی، اس اقدام کو پاکستان نے "دشمنانہ اقدام” قرار دیا تھا۔
البانی یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر کرسٹوفر کلیری نے کہا، "سائنسدان عام طور پر کہتے ہیں کہ جنگ صرف اس وقت ہوتی ہے جب لڑائی کافی شدید ہو جاتی ہے – عام طور پر 1,000 جنگی ہلاکتیں اس کی علامت کے طورپر لی جاسکتی ہیں”۔ "اگرچہ حکومتوں کے لیے، جب بھی وہ ایسا کہتے ہیں، جنگیں ہوتی ہیں۔”
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی طرف سے فوجی کارروائیوں میں کشیدگی میں حالیہ اضافہ اتنا ہی طاقت کا اشارہ دینے کے بارے میں تھا جتنا کہ وہ فوجی مقاصد کے بارے میں تھا، اور یہ ملکی اور بین الاقوامی تاثر کو منظم کرنے کی وسیع تر کوشش کا حصہ بھی تھا۔
برطانیہ میں مقیم ایک فوجی تجزیہ کار شان بیل نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کی جانب سے زیادہ تر موجودہ بیان بازی کا مقصد جان بوجھ کر اپنے اپنے ملکی سامعین کو متاثر کرنا ہے ۔ انہوں نے الجزیرہ کو بتایا کہ ہر فریق "اپنی اپنی آبادیوں پر واضح کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ ایک مضبوط فوجی ردعمل  کی اہلیت رکھتے ہیں ، اور وہ کسی بھی کارروائی پر جوابی کارروائی کر رہے ہیں”۔ لیکن یہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی  ڈائنامک- بیل نے خبردار کیا-ایک بار شروع ہونے کے بعد اسے روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ممالک باضابطہ طور پر جنگ کا اعلان کرنے سے کیوں گریزاں ہیں؟
صوفی نے الجزیرہ کو بتایا کہ 1945 میں اقوام متحدہ کے چارٹر کو اپنانے کے بعد، "کوئی بھی ملک ‘جنگ’ کا دعویٰ نہیں کرتا ہے اور نہ ہی ‘جنگ’ کا اعلان کرتا ہے کیونکہ قانونی طور پر اسے طاقت کے غیر قانونی استعمال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
سرکاری طور پر، مسلح تصادم کی حالت میں ہونا بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کو متحرک کرتا ہے، جیسے کہ مسلح تصادم کے قوانین پر عمل کرنا اور جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ہونا۔
تازہ ترین ہندوستان-پاکستان تعطل میں، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کو جارح کے طور پر پیش کیا،اور ہر ایک نے  اس بات پر اصرار کیا کہ وہ جوابی کاروائی کررہا ہے۔
جنگ کی رسمی، عالمی طور پر قبول شدہ تعریف کی عدم موجودگی کا مطلب ہے کہ ممالک کبھی بھی سرکاری طور پر اعلان جنگ کیے بغیر مسلسل فوجی کارروائیوں میں مشغول ہو سکتے ہیں۔ ابہام حکومتوں کو فوجی کارروائیوں کو ان طریقوں سے ترتیب دینے کی بھی اجازت دیتا ہے جو ان کے سیاسی یا سفارتی اہداف کے مطابق ہوں۔
مثال کے طور پر، بڑے پیمانے پر فوجیوں کی تعیناتی، فضائی حملوں اور علاقائی قبضے کے باوجود، روس نے مسلسل یوکرین پر 2022 کے اپنے حملے کو ایک "خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیا ہے۔ اسی طرح، امریکہ نے 1950 کی دہائی میں کوریائی جنگ کو "پولیس ایکشن” کے طور پر حوالہ دیا اور افغانستان اور عراق میں اپنی طویل مدتی سرگرمیوں کو "انسداد دہشت گردی آپریشنز” قرار دیا۔ اسرائیل اکثر سرحد پار حملوں کے لیے "فوجی مہم” یا "آپریشن” جیسی اصطلاحات بھی استعمال کرتا ہے، جیسا کہ غزہ میں اپنی 2014 کی جنگ کے دوران "آپریشن پروٹیکٹو ایج-(Operation Protective Edge)”۔
شفقنا اردو
اتوار، 11 مئی 2025
نوٹ: شفقنا کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں
Share This Article

تازه ترین