شفقنا اردو:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میرا بطور چیئرمین انتخاب عمران خان کی چوائس ہے، کچھ لوگ اس فیصلے کو تبدیل کرانے گئے تھے لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ مخصوص نشستوں کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے بڑی مایوسی ہوئی، ہماری جیتی ہوئی نشستیں بانٹی گئیں، یہ غلط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ایم پی اے کسی پارٹی میں نہیں جائیں گے، علی امین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جسے شوق ہے وہ علی امین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے۔
ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کے کچھ بیانات نامناسب ہیں، پارٹی میں اختلافات ہوجاتے ہیں لیکن اختلافات باہر نہیں آنا چاہئیں، جتنے علی امین ہمارے لیے معتبر ہیں اتنے ہی جنید اکبر بھی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ میرا بطور چیئرمین انتخاب بانی پی ٹی آئی کی چوائس ہے، کچھ لوگ اس فیصلے کو تبدیل کرانے گئے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی نے انکار کردیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تھی، بجٹ مشروط پاس کیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کارکنوں کا بہت دباؤ ہے، ہم ان کی رہائی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔