احتجاج کی حکمت عملی طے کرنے پی ٹی آئی کا قافلہ لاہور پہنچ گیا

شفقنا اردو:پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا قافلہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی قافلے کے لاہور پہنچنے پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے قافلے کا استقبال کیا، کارکنوں نے پھول برسائے، عمران خان کے حق میں نعرے لگائے، زرتاج گل گاڑی کی چھت پر چڑھ گئیں اور عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر شاہدرہ موڑ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی سمیت 4 کارکنان کو گرفتار کرلیا بعدازاں یاسر گیلانی کو رہا کردیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹیوں کا اجلاس جاری
قافلہ یہاں سے رائے ونڈ روڈ آفریدی فارم پہنچا جہاں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہاں پی ٹی آئی پنجاب اور کے پی کے کا پارلیمانی اجلاس جاری ہے جوکہ بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ہورہا ہے۔ اجلاس میں 5 اگست سے شروع ہونے والی احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے متعدد ممبران شریک ہیں۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے کل ہونے والی پریس کانفرنس میں بریفنگ دی جائے گی۔
ہمارا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے، گنڈاپور
قافلہ روانگی سے قبل علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمارا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے، یہ قافلہ غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی احتجاج ہے، وہ جان لیں یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر قدم پر امن کی بات کی ہے اور ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام ہے، عوام دیکھ لیں یہ قافلہ نفرت نہیں، صرف محبت لے کر نکل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے علمبردار اپنے بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکلے ہیں، ہم صرف یہ بتانے جا رہے ہیں کہ جمہوری نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قافلے کا ہر قدم آئین کی سر بلندی اور عوام کے حقِ نمائندگی کا استعارہ ہے۔
Share This Article

تازه ترین