شفقنا اردو: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں مثبت پیشرفت کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر متفق ہوگیا تھا، ہم نے ایران کو پر امن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کی بات منوائی، امریکا ایران کے تمام ایٹمی پروگرام کو مکمل ختم کرنا چاہتا تھا، ہم امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ثالثی کےلیے تیار تھے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ روبیو سے ملاقات ہوئی، سعودی وزیر خارجہ سے کئی بار رابطہ ہوا، عمان کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایران، امریکا مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہو رہی تھی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا برادر ملک ہے، دنیا میں صرف پاکستان نے ہی ایران کے خلاف حملے کی کھلے انداز میں مذمت کی، پاکستان نے کشیدگی کے حل کےلیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہت متحرک اور مثبت کردار ادا کیا، پاکستان نے جوہری توانائی کے پُرامن استعمال سے متعلق ایران کے حق کی حمایت کی، ہمارے مؤقف کی ہی وجہ سے ایرانی پارلیمنٹ کے اندر تشکر پاکستان کے نعرے لگے۔