امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف مشترکہ جارحیت کا پندرھواں روز: اب تک کی صورتحال

شفقنا اردو: ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ جارحیت کے بعد سے اب تک کی تازہ ترین صورتحال

ایران کا بحرین میں امریکی بیس کو نشانہ بنانےکا دعویٰ

ایران نے بحرین میں امریکی بیس کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ ہے، دوسری جانب امریکی اخبار کے مطا بق ‏امریکی ساختہ لانچر نےبحرین سے ایران کی طرف میزائل داغے۔

آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کو جلد نیوی کے ذریعے سکیورٹی فراہم کی جائے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں امریکا اور اسرائیل کے مقاصد مختلف ہوسکتے ہیں، آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی نیوی کے ذریعے سکیورٹی جلد فراہم کی جائے گی، آبنائےہرمزبند کی تو ایران کی تیل تنصیبات پرحملوں سے گریزنہیں کروں گا۔

دو ہفتوں کی جنگ کے بعدامریکا دنیا سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہاہے، وزیرخارجہ ایران

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نےکئی ماہ تک بھارت کو روس سے تیل نہ خریدنے پرمجبورکیا، یورپ کوخام خیالی تھی روس کیخلاف امریکی حمایت مل جائےگی اور اب دو ہفتوں کی جنگ کے بعد امریکا دنیا سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہاہے۔

ہمیں معلوم ہے مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں، امریکی نائب صدر کا دعوی

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے دعوی کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے علم میں ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں، میڈیا سے بات کرتےہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران میں اسکول حملے کی تحقیقات جاری ہیں،امریکی صدربھی واقعے کی مکمل تحقیقات چاہتےہیں

اس حوالے سے امریکی وزیرجنگ  پیٹ ہیگسیتھ نے بھی کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں، امریکی کارروائی میں مجتبیٰ خامنہ ای کا چہرہ متاثرہوا، حالیہ حملوں کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای منظرعام پر نہیں آئے۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی کہ  سپریم لیڈرمعمولی زخمی ہیں مگردفتری امور انجام دے رہے ہیں۔

اسرائیلی شہریوں کی باحفاظت واپسی پر اسرائیل کا عرب امارات سے اظہار تشکر

اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ عرب امارات نے اسرائیلی شہریوں کی وطن واپسی میں مدد کی، مشکل وقت میں عرب امارات اسرائیل دوستی مضبوط ثابت ہوئی،  جنگ اور امن دونوں میں امارات اسرائیل دوستی برقرار  ہے۔

ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیے،کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملے کردیے جس کے بعد تل ابیب میں 20 دھماکے سنے گئے جبکہ متعددمقامات پر آگ لگ گئی۔

امریکاکا مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی جہاز اور 5 ہزار فوجی تعینات کرنےکا اعلان

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں امریکی میرینز کو مشرقِ وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی درخواست پر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے اور بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے ایران کا افزودہ یورینیم روس منتقل کرنےکی پیوٹن کی پیشکش مسترد کردی

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر کی پیشکش تہران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے معاہدے کا حصہ تھی، پیوتن نے پیشکش رواں ہفتے ٹرمپ کے ساتھ فون کال میں دی تھی، امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیاکہ روس کی جانب سے یہ پیشکش پہلے بھی کی جاچکی ہے لیکن امریکا نے اسے قبول نہیں کیا۔

امریکی طیارہ عراقی مزاحمتی فورسز نے مارگرایا، سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے: ایرانی فوج

عراق میں امریکی طیارہ گر کر تباہ ہونے پر ایرانی فوج نے رد عمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا کا ری فیولنگ طیارہ عراقی مزاحمتی فورسز نے مار گرایا اور  طیارے میں سوار  تمام اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ایران کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ، فوجی تنصیبات کو نقصان

 ایرانی پاسدارانِ انقلاب  کے مطابق یہ حملہ بحرین کے دارالحکومت منامہ کے علاقے مینا سلمان میں قائم امریکی بحری اڈے پر حملہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق حملوں میں بیس کی مختلف تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں اینٹی ڈرون دفاعی نظام، ڈرونز کی اسٹوریج اور مرمت کے مراکز، سپورٹ آلات اور فیول ٹینکس شامل ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ حملوں میں امریکی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اتحادیوں کے ساتھ ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کرسکتے ہیں، امریکی وزیرخزانہ

امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا جب ممکن ہوا امریکی بحریہ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزارے گی۔

یاد رہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے پہلا آڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نےکہا کہ آبنائے ہرمز بند رہےگی، مجبتیٰ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے۔

جنگ کے آغاز سے اب تک ایران کے 190 ڈرونز اور 114 میزائل مار گرائے: بحرین

بحرین کی وزارت دفاع نے جنگ کے آغاز سے اب تک ایران کے 190 ڈرونز اور 114 میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، بحرین کی وزارت دفاع کے مطابق تمام ڈرونز اور میزائل ان کی سرزمین کی جانب داغے گئے تھے۔

اسرائیل کا ایران پر وسیع پیمانے پر نئے حملے شروع کرنےکا دعویٰ، تہران اور دیگر شہروں میں دھماکے

اسرائیلی فوج نے  کہا کہ ایرانی حکومت کے انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسرائیلی فوج نے ایران میں نیوکلیئر  پروگرام کی اہم سائٹس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تہران کے قریب طالقان میں واقع سائٹ کو جنگی جہازوں نے نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب یونیسف نےکہا ہےکہ جنگ کے آغاز سے اب تک خطے میں گیارہ سو سے زائد بچے ہلاک یا زخمی ہوچکے ، ان میں 200 بچے ایران ، 91 لبنان ، 4  اسرائیل اور  ایک بچہ کویت میں مارا گیا۔

عالمی منڈی میں خام تیل 10 فیصد مہنگا

 تیل کے محفوظ ذخائر جاری کرنے کے اعلان سے بھی قیمتیں نیچے نہ آسکيں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برطانوی خام تیل کی قیمت 9.29 ڈالر اضافےکے بعد 101.3 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 9.02 ڈالر اضافے کے بعد 96.27 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی تیل کی منڈی میں بڑی سپلائی رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔

آبنائے ہرمز میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنا ہمارا حق ہے: ایرانی مندوب

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے کہا کہ آبنائے ہرمز  بند رکھنے کا ارادہ نہیں لیکن آبنائے ہرمز میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنا ہمارا حق ہے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں سے ایک ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔

ایران میں رجیم چینج ایرانی عوام ہی کرسکتے ہیں، اسرائیلی وزیر خارجہ

اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نےکہا ہے کہ ایران میں رجیم چینج ایرانی عوام ہی کرسکتے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں بیرونی مدد کی ضرورت ہوگی۔

اسرائیلی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل خود ایرانی حکومت کو نہیں گراسکتا، ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے جو حکومت کی تبدیلی کا راستہ ہموار کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل پاسداران انقلاب کے اڈوں، ہیڈکوارٹرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ مہم کے اختتام تک وہ اتنے کمزور ہو جائیں کہ ممکنہ طور پر ایسی تبدیلی ممکن ہو سکے۔

شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی اہلیہ زندہ ہیں: ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سابق  سپریم لیڈر شہید علی خامنہ ای کی اہلیہ زندہ ہیں اور  ان کی  وفات کی خبریں غلط تھیں۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا کی جانب سے خبر دی گئی تھی کہ سید علی خامنہ ای کی اہلیہ منصورہ خجستہ باقرزادہ اسرائیلی  و امریکی حملوں میں زخمی ہوگئی تھیں اور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔

آبنائے ہرمز بند رکھنے کی حکمت عملی جاری رہے گی: کمانڈر پاسدارانِ انقلاب بحریہ

ایران کے  پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کی ہدایات کے مطابق آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کی حکمت عملی جاری رکھی جائے گی اور جارح دشمن کو شدید ضربیں لگائی جائیں گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ‘سپریم لیڈر کے حکم کے جواب میں ہم آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کی حکمت عملی برقرار رکھتے ہوئے جارح دشمن کو سخت ترین ضربیں پہنچائیں گے‘۔

ایرانی حکام اس سے قبل بھی خبردار کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور اس اہم سمندری گزرگاہ کو بند کیا جا سکتا ہے، جس سے عالمی تیل کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

اس سے قبل ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نےاپنے پہلے پیغام میں کہاکہ آبنائےہرمزبند رہے گی، امریکی اڈے بند نہ ہوئے توحملے جاری رہیں گے۔

ایران کے بجلی کے انفرااسٹرکچر پر حملہ ہوا تو پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب جائے گا: علی لاریجانی

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے بجلی کے نظام کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا کیا گیا تو پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم ایک گھنٹے میں ایران کے بجلی کے انفرااسٹرکچر  کو تباہ کر سکتے ہیں مگر ہم نے ایسا نہیں کیا‘۔

علی لاریجانی نے کہا کہ اگر امریکا ایسا کرتا ہے تو آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں پورا خطہ تاریکی میں ڈوب جائے گا اور یہ صورتحال امریکی فوجیوں کے لیے محفوظ پناہ کی تلاش کے دوران خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

پاسداران انقلاب کے نئے میزائل حملے، امریکی و اسرائیلی اہداف کو کلسڑ وارہیڈ اور ہائپر سونک میزائلوں سے نشانہ بنایا

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن ’وعدہ صادق 4‘ کی 41ویں لہر کے تحت اسرائیل اور خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں یوم القدس کی آمد سے قبل اور رمضان جنگ کے شہدا، بالخصوص پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر شہید محمد پاکپور کی یاد میں کی گئیں۔

بیان کے مطابق حملوں میں کلسٹر وار ہیڈ والے 10 سے زائد خرمشہر اور قدر میزائل، ایک ٹن وزنی وار ہیڈ والے خیبر شکن میزائل، فتاح ہائپرسونک میزائل اور حملہ آور ڈرونز استعمال کیے گئے۔

بیان کے مطابق کویت کے احمد الجابر ائیرپورٹ پر امریکی فوجیوں کو ہائپرسونک فتاح میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات کی الظفرہ بیس پر امریکی میرینز کی رہائش گاہ، عراق میں امریکی اڈے اور تل ابیب میں اسرائیلی فوجی اہداف کو کلسٹر وار ہیڈ والے خرمشہر میزائلوں، قدر میزائلوں اور ایک ٹن وارہیڈ والے خیبر شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

عراق کا تمام آئل ٹرمینلز آپریشن مکمل طور پر معطل کرنےکا اعلان

عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزیرتیل نے تمام آئل ٹرمینلزآپریشن مکمل طور پر معطل کرنےکااعلان کیا ہے۔

عراقی وزیر تیل کا کہنا ہے کہ آئل ٹرمینلزآپریشن معطل کررہے ہیں تاہم عراق میں تجارتی بندرگاہیں معمول کے مطابق کام کررہی ہیں۔

واضح رہے عراقی وزیر تیل کاحکم بصرہ کی ام قصربندرگاہ پردوٹینکروں پر حملے کےبعد سامنے آیاہے۔

دبئی کریک ہاربر کے قریب عمارت پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں دبئی کی ایک عمارت میں معمولی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اطلاع ملنے پرٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کی اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی پیش کردہ قرار دادوں کی حمایت

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نےکہا ہے کہ پاکستان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی، یو اے ای پر ایرانی حملوں سے 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، ایران پر حملوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

سلامتی کونسل سے خطاب میں عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

پرنس سلطان ایئر بیس پر داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے، سعودی وزارت دفاع

  سعودی وزارت دفاع کا کہناہے کہ پرنس سلطان ائیر بیس پر داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے والےجہاز ایران سے اجازت نامہ لیں، ایرانی نیول چیف

ایرانی نیول چیف ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسری نے کہا جہازوں کو محفوظ راستہ دینے کے کھوکھلے بیانات کوسچ نہ سمجھا جائے، 2 جہازوں نے دعوے سچ مانے لیکن دھر لیے گئے۔

امریکی حملے نہ رکے تو جنگ نئے مرحلے میں داخل ہوگی، ایرانی حکام

ایرانی حکام نے واضح کیا کہ ہماری حکمت عملی مرحلہ وار ہے،کئی کارڈز استعمال کرنے باقی ہیں۔

اسرائیل بحیرہ احمر کےدہانے پرفوجی اڈا قائم کرنےکی منصوبہ بندی کر رہا ہے، امریکی میڈیا

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی فوجی اڈا صومالی لینڈ میں تعمیر کیا جائے گا اور  یہ اڈا حوثیوں کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے، ممکنہ اسرائیلی فوجی اڈا یمن سے صرف 260 کلو میٹرکے فاصلے پر ہوگا۔

ٹرمپ کا ایران کے 58 بحری جہاز تباہ اور 31 بارودی سرنگیں ناکارہ بنانےکا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینٹکی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 دنوں میں، ہماری فوج نے ایران کو تقریباً تباہ کر دیا، ایرانی بحریہ کو سمندر میں ڈبودیا، فضائیہ کو بھی مکمل ختم کردیا، ایران کے 58 بحری جہاز تباہ اور 31 بارودی سرنگیں ناکارہ بنائیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیاکہ ایران کے خلاف جنگ جیت چکے لیکن جلد نکلنا نہیں چاہتے، جب تک ہمارا مقصد پورا نہیں ہوجاتا ایران سے نہیں جائیں گے۔

ایران میں اب نشانہ بنانے کیلئے کچھ باقی نہیں بچا، میں جب چاہوں گا تب جنگ ختم ہوجائے گی: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نیوز ویب سائٹ سے ات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں نشانہ بنانے کے لیے اب کچھ باقی نہیں رہا اور وہاں جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ جب چاہیں گے ایران کی جنگ ختم ہوجائے گی۔

ایرانی عوام کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حق کا احترام کرتے ہیں، شمالی کوریا

شمالی کوریا کی جانب سے  مجتبیٰ خامنہ ای کی بطور ایرانی سپریم لیڈر تقرری کی حمایت کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے  بعد ہم ایرانی عوام کے اپنے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حق اور فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر غیر قانونی فوجی حملہ علاقائی امن و سلامتی کو نقصان پہنچا رہا ہے اور عالمی سطح پر عدم استحکام میں اضافہ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شمالی کوریا اس جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔

عمان کی صلالہ بندرگاہ پر تیل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر ڈرون حملہ

عمان کی صلالہ بندرگاہ پر تیل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی ایمبری کے مطابق بندرگاہ میں موجود آئل اسٹوریج تنصیبات پر حملہ کیا گیا۔ عمانی سرکاری ٹی وی نے بھی رپورٹ کیا کہ بندرگاہ میں موجود ایندھن کے ٹینکوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ایمبری کے مطابق اس واقعے میں کسی تجارتی جہاز کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم وہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں: ایرانی عہدیدار

ایک ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ ایران کے نو منتخب  سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ہلکی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں تاہم  عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب اور کس وجہ سے زخمی ہوئے۔

اس سے قبل اسرائیلی عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق ایران کے نو منتخب سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای گزشتہ دنوں اسرائیلی حملے میں معمولی زخمی ہوئے تھے۔

اسپین نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

 اسپین کی حکومت نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا ہے جس کی تصدیق بدھ کو شائع ہونے والے سرکاری گزٹ میں کی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسپین کی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ تل ابیب میں اسپین کا سفارت خانہ اب ناظم الامور کی سربراہی میں کام کرے گا۔

ایران کے اسرائیلی ’گرین پائن‘ ریڈار سمیت کئی اہم فوجی اہداف پر ڈرون حملے

ایران کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بدھ کی صبح سے اسرائیل کے متعدد اہم اہداف پر ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایرانی فوج کےمطابق اس کے حملہ آور ڈرونز  نے اسرائیل کی کئی فوجی اور انٹیلی جنس تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فوجی انٹیلی جنس ادارہ امان (AMAN)، سگنلز انٹیلی جنس یونٹ 8200، گرین پائن ریڈار سسٹم اور حیفا کے بحری اڈے میں واقع آبدوزوں کے ہیڈکوارٹر کی عمارت شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گرین پائن ریڈار سسٹم ایران کے میزائلوں کے خلاف اسرائیل کے دفاعی نظام کا ایک اہم حصہ تھا۔

ایرانی فوج کے مطابق اس ریڈار کو نقصان پہنچنے سے اسرائیل کی آنے والے میزائل حملوں کو روکنے کی صلاحیت نمایاں طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

دبئی ائیرپورٹ کے قریب دو ڈرون طیاروں سے حملہ، 4 افراد زخمی

 دبئی میڈیا آفس کا بتانا ہے کہ دبئی ائیرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرے ہیں اور اس وقعے میں ابو واقعے میں چار افراد زخمی ہوئےہیں۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرونز گرنے کے باوجود ائیر ٹریفک معمول کےمطابق جاری ہے۔

ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملےغیرقانونی ہیں، شمالی کوریا

 شمالی کوریا نے امریکا اور اسرائیل کے ایران پر  حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیدیا۔ شمالی کوریاکی جانب سے کہا گیا کہ ایرانی عوام کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حق کا احترام کرتے ہیں۔

ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں روسی قونصل خانےکی عمارت کو نقصان، شیشے ٹوٹ گئے

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایران کے شہر اصفہان پر حملوں میں قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کردی۔

ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں اصفہان کے گورنر کے دفتر کے قریب ہونے والے حملےکے نتیجے میں روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا، انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے قونصل خانےکے دفتر اور رہائشی اپارٹمنٹس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آبنائے ہرمزکے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی 16ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں: سینٹکام

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام ) نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نےآبنائے ہرمز  کے قریب بارودی سرنگیں بچھانے والی 16ایرانی کشتیاں تباہ کر دیں ۔

اس سے قبل امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں دعویٰ کیاکہ امریکی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں میں سرنگیں بچھانے والی 10کشتیوں اور جہازوں کو مکمل تباہ کردیا۔

Contents

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی خبریں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں

 آبنائے ہرمزمیں بارودی سرنگیں بچھانےکی خبروں نے خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھادیں۔

برطانوی خام تیل 91 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔

گزشتہ روز  امریکی صدر کے خطاب کے بعد خام تیل کی قیمتیں گرگئی تھیں، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مثبت ردعمل آیا تھا تاہم معاملہ چند ہی گھنٹے میں پلٹنے لگا۔

مقاصد پورے ہونے تک ایران میں آپریشن جاری رہے گا: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے مقاصد پورے ہونے تک ایران میں آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ ترجمان کے مطابق آپریشن اسوقت ختم ہوگا جب تک امریکی صدرکے طےشدہ  مقاصد پورے نہیں ہوجاتے۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں کسی جہاز کو تحفظ نہیں دیا۔ ٹرمپ اور توانائی کی ٹیم مارکیٹ پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے، ٹرمپ اور توانائی ٹیم کامزیدآپشن پر غور جاری ہے، ٹرمپ پر اعتماد ہیں کہ اہداف تیزی سے حاصل کرلیےجائیں گے۔

یہ دعویٰ جھوٹ ہےکہ ایران امریکا پر حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا: ایرانی وزیرخارجہ

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر حملے کا منصوبہ بنانے کے دعوے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیدیا۔

ایک بیان میں ایرانی وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ ایسے الزامات صرف جنگ کو جواز دینے کے لیے پھیلائے جا رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس جھوٹ کا واحد مقصد آپریشن ایپک مسٹیک کو جائز  قرار  دینا ہے، آپریشن اسرائیل کی مہم جوئی ہے، عام امریکیوں نے اس کی قیمت چکائی۔

آپریشن وعدہ صادق 4 میں میزائل حملوں کی 35 ویں لہر کا آغاز کردیا: پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کی 35 لہر کا اعلان کردیا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ حملوں کی 35 ویں لہر میں خیبر شکن، فتح، عماد، خرمشہر اور قدس اسٹریٹجک میزائل فائر کیے گئے۔

بیان میں میں کہا گیا کہ اس میزائل حملے میں تل ابیب، بیت شمش، مقبوضہ بیت المقدس سمیت امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

’آنکھ کے بدلے آنکھ‘، دشمن کے ہر حملے کا فوری جواب دیا جائے گا: اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

 ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کی کارروائی کی تو ایران اس کا فوری اور متناسب جواب دے گا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں قالیباف نے کہا کہ دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ جو بھی قدم اٹھائے گا اس کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران ’آنکھ کے بدلے آنکھ‘ کے اصول پر عمل کرے گا، جس میں کسی قسم کی رعایت یا استثنیٰ نہیں ہوگا۔

ایرانی حکام کا امریکا اور اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں غیر ملکی سمیت درجنوں افراد کی گرفتاری کا دعویٰ

ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس پر امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے اپنے بیان میں کہا کہ گرفتار غیر ملکی شہری امریکا اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کر رہا تھا اور دو خلیجی ممالک کے لیے بھی بطور پراکسی کام کر رہا تھا۔

وزارت کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران کارروائیوں میں اسرائیل اور امریکا سے وابستہ 30 جاسوسوں، داخلی کرائے کے عناصر اور آپریشنل ایجنٹس کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

جو کوئی بھی اس بھرم میں ہے کہ ایران کو تباہ کر دے گا وہ تاریخ نہیں جانتا: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران 6 ہزار سال پرانی تہذیب کا وارث ہے، تاریخ میں ایسی کئی کوششوں کے باوجود آج تک کوئی بھی طاقت ہماری وراثت مٹانے میں ناکام رہی ہے۔

ایرانی صدر نے کہاکہ جو کوئی بھی اس بھرم میں ہے کہ ایران کو تباہ کر دے گا وہ تاریخ نہیں جانتا۔

بحرین میں ایران کے حملوں سے متعلق ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے پر 5 پاکستانیں سمیت 6 ایشیائی باشندے گرفتار

بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اینٹی سائبر کرائم ڈائریکٹوریٹ نے ایرانی حملوں  سے متعلق ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے کے الزام میں 6 ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔

گرفتار ہونے والے افراد میں ایک بنگلادیشی جبکہ 5 پاکستانی شہری شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ملزمان نے ایران کے  حملوں سے ہونے والے نقصانات سے  متعلق ویڈیوز بنا کر انہیں پوسٹ کیا یا شیئر کیا۔

بیان کے مطابق ویڈیوز میں حملوں کے ساتھ ہمدردی اور انہیں سراہنے کا تاثر دیا گیا جس سے سکیورٹی اور عوامی نظم و ضبط متاثر ہو سکتا تھا۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور غیر مصدقہ ویڈیوز یا خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔

ابو ظبی کے الرویس صنعتی کمپلیکس پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی

ابوظبی کے الرویس صنعتی کمپلیکس میں ایک تنصیب پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی۔

اماراتی میڈیا آفس کے مطابق متعلقہ ادارے واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب تک اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

جنگ کے باعث 24 گھنٹوں میں 191 زخمیوں کواسپتال منتقل کیاگیا، اسرائیلی وزارت صحت

اسرائیلی وزارت صحت نے ایران سے جنگ میں زخمیوں کے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ شروع ہونے سے اب تک 2 ہزارسےزائد افراد اسپتال لائےگئے۔

 اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 191زخمیوں کواسپتال منتقل کیاگیا جبکہ زخمیوں میں شہری اور فوج شامل ہیں۔

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں اموات 1300 سے تجاوز کرگئیں

 امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے جاری ہیں، عرب میڈیا کے مطابق مجموعی طور اب تک ایران پر حملوں سے اموات 1300 سے تجاوز کرگئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق شہر خمین میں امریکی میزائل حملے میں ڈاکٹر حافظ خمینی اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس سے قریبی رہائشی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

تہران میں رات کے وقت شدید ترین بمباری کی گئی، مشرقی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں زور دار دھماکے سنے گئے، تہران کے رسالت اسکوائر کے قریب حملوں میں 40 افراد شہید ہوگئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی افواج ایرانی میزائل لانچرز کی تلاش جاری رکھیں گے اور جہاں بھی ملیں گے انہیں تباہ کر دیں گے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے جوابی کارروائیوں میں33ویں لہر کے تحت مزید میزائل حملے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ایک ٹن یا اِس سے زیادہ وزن کے بھاری میزائل استعمال کیے جائیں گے۔

روسی صدر کا ٹرمپ کو ایران سے جنگ ختم کرنےکا مشورہ

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ بات چیت میں صدر پیوٹن نے ایران سے جنگ کے جلد خاتمے کے لیے ٹرمپ کو کچھ تجاویز دیں۔

روسی ایوان صدر کریملن کے خارجہ پالیسی کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے یوکرین تنازعے اور وینزویلا کی صورت حال پر بھی بات چیت کی اور اس کے علاوہ تیل کی عالمی صورت حال بھی زیر غور آئی۔

مشرق وسطیٰ کی طویل جنگ کےبرطانوی معیشت پربرےاثرات ہوں گے: برطانوی وزیراعظم

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا  کہ کچھ عناصر مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کو کمیونٹیز میں نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

سینٹکام کا ایران کے 50 جنگی جہاز تباہ کرنے یا انہیں نقصان پہنچانےکا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نےایران میں 5 ہزار  اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایران کے50 جنگی جہاز تباہ کیے یا انہیں نقصان پہنچایا۔

امریکی و اسرائیلی سفیروں کو نکالنے والے ممالک آبنائےہرمز استعمال کرسکیں گے: پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ امریکی و اسرائیلی سفیروں کو نکالنے والے ممالک کوکل سے آبنائےہرمز سےگزرنےکی مکمل آزادی ہوگی۔

چین، روس، فرانس سمیت کچھ ممالک نے جنگ بندی کیلئے رابطہ کیا: ایران

ایرانی نائب وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے لیے ہماری پہلی شرط جارحیت کا خاتمہ ہے۔

امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا سعودی عرب کی جانب سے جنگ میں نہ کودنے پر مایوسی کا اظہار

ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر لنزے گراہم نے سعودی عرب کی جانب سے جنگ میں نہ کودنے پر مایوسی کا اظہار کر دیا۔

ایک بیان میں لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایرانی حکومت کے خاتمے کے لیے اپنی فوج استعمال کرنے سے انکار کر رہا ہے۔

سینیٹر گراہم نے سوال کیا کہ امریکا سعودی عرب جیسے ملک کے ساتھ دفاعی سمجھوتہ کیوں کرے جو باہمی مفاد کے لیے جنگ بھی لڑنے کو تیار نہیں۔

مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث پینے کے پانی کے بحران کا خطرہ

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں دنیا بھر کی توجہ تیل کی سپلائی پر ہے، مگر ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اس جنگ میں پانی بھی بڑے خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

خلیجی ممالک  پینےکے  پانی کے لیے بڑی حد  تک سمندر کے  پانی کو  صاف کرنے  والے ڈیسالینیشن پلانٹس پر انحصار کرتے ہیں،کویت میں تقریباً 90 فیصد جب کہ عمان اور سعودی عرب میں بھی زیادہ تر پانی انہی پلانٹس سے حاصل ہوتا ہے، ایران ان کو نشانہ بناسکتا ہے۔

دو روز قبل امریکا نے ایران کے ایک واٹر ڈیسالینیشن پلاٹ کو نشانہ بنایا تھا جس سے ارد گرد کے 30 سے زیادہ دیہات پینے کے صاف پانی سے محروم ہوگئے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس پر کہا تھا کہ دنیا دیکھ لے پینے کے پانی کو نشانہ بنانے کی پہل امریکا نے کی ہے۔

اسرائیل کے ایران کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات سامنے آگئے

اسرائیل کی جانب سے ایران کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔

امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق امریکا نے اسرائیل کے حملوں کو حد سے زیادہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کے داماد جیراڈ کشنر اور آسٹیو وٹکوف کل اسرائیل کا ہنگامی دورہ کریں گے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جو حملے کیے وہ امریکا کو  بتائے گئے حملوں سے بہت زیادہ تھے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ تیل کے ذخیروں کو ملٹری کے ساتھ مختلف مقامات پر تیل کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق ایرانی تیل تنصیبات پر شدید حملوں پر امریکا کے تحفظات ہیں۔

امریکا نے ایران جنگ میں ہلاک میں ہونیوالے ساتویں امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کردی

امریکی محکمہ جنگ نے ایران جنگ میں ہلاک ہونے والے ساتویں امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کردی۔

امریکی محکمہ جنگ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج کے اسپیس اینڈ میزائل ڈیفنس کمانڈ کا سارجنٹ بنجمن این پیننگٹن  8 مارچ کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

محکمہ جنگ کے مطابق 26 سالہ این پیننگٹن یکم مارچ کو سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے کے دوران زخمی ہوا تھا۔

تل ابیب: اسرائیل چھوڑ کر جانیوالے مسافروں کو روکنے پر بن گوریون ائیرپورٹ پر ہنگامہ آرائی

اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے  بن گورین ائیرپورٹ پر اسرائیل چھوڑ کر جانے والے افراد نے روکے جانے  پر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔

اسرائیل چھوڑ کر جانے والے متعدد مسافروں کو ائیرپورٹ پر روک لیا گیا جس سے اسرائیلی شہریوں اور ائیرپورٹ سکیورٹی حکام میں تلخ کلامی ہوئی۔

غیر ملکی مڈیا کے مطابق ائیرپورٹ سے انتہائی محدود تعداد میں اسرائیلیوں کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

پڑوسی ممالک کیخلاف ایران کی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں: سعودی عرب

سعودی عرب کی جانب سے مملکت اور خلیج تعاون کونسل کی دیگر ریاستوں کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ جاری رہا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان ایران کو ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پڑوسی ممالک کےخلاف ایران کی جارحیت کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، سعودی عرب کو اپنے عوام، سرزمین اور خود مختاری کے تحفظ کے لیےضروری اقدامات کاحق حاصل ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 30 فیصد کا اضافہ

آبنائے ہرمز کی بندش اور تیل تنصیبات پر حملوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 30 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔

کاروبار کے دوران برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 117 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

تیل کی قیمتوں میں کمی کےلیے جی7 ممالک بھی متحرک ہوگئے ہیں اور خام تیل کے ہنگامی ذخائر کے استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔

روسی صدر کی نئے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

اپنے پیغام میں روسی صدر نے کہا کہ ’ایسے وقت میں جب ایران جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، اس اعلیٰ منصب پر آپ کی ذمہ داریاں یقیناً ہمت اور لگن کا تقاضا کریں گی‘۔

پیوٹن نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آپ وقار کے ساتھ اپنے والد کے کام کو جاری رکھیں گے اور سخت آزمائشوں کے دوران ایرانی قوم کو متحد رکھیں گے‘۔

صدر پیوٹن نے اپنے بیان میں ایران کے لیے روس کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔

بحرین کے جزیرہ سترہ پرایرانی ڈرون حملہ، متعدد شہری زخمی

وزارت داخلہ بحرین کے مطابق بحرین کے جزیرہ سترہ پر ایرانی ڈرون حملے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

وزارت داخلہ بحرین کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کے نتیجے میں کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

آذربائیجان پر ڈرون حملے میں ایران ملوث نہیں، واقعے کی مکمل تحقیقات ہوگی: ایرانی صدر

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو بتایا ہے کہ آذربائیجان پر ہونے والے فضائی حملے میں ایران ملوث نہیں تھا۔

آذربائیجانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس کے دوران مسعود پزشکیان نے الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آذربائیجان میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کر کے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لیے تعزیت کی۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ گزشتہ ہفتےڈرون واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ الہام علیوف نے بھی اس بات پر زور دیا کہ اس واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لانا ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال پر بھی بات کی۔

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ: عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ گئی

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق مشرقی وسطیٰ میں جاری جنگ اور امریکا کی آبنائے ہرمز کھولنے میں ناکامی کے بعد  عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ گئی۔

برینٹ خام تیل تقریباً 17 فیصد اضافے کے بعد 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 19 فیصد بڑھ کر 108 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ طویل ہوئی تو تیل 120 ڈالر فی بیرل تک جا سکتا ہے۔

نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی پیروی کیلئے تیار ہیں، ایرانی پاسداران انقلاب

ایران کی  پاسدارانِ انقلاب نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر تسلیم کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے مجتبیٰ خامنہ ای سے اپنی “مخلص اور تاحیات وفاداری” کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے احکامات سنیں گے اور انہیں نافذ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 88 رکنی مجلسِ خبرگان کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلامی نظام کی تحریک نہیں رکے گی اور انقلاب اور اسلامی نظام کسی ایک فرد پر منحصر نہیں۔

ایران کی مسلح افواج نے بھی نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے وفاداری کا عہد کیا ہے۔

ایران اب فوجی اہداف کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کے معاشی مفادات اور اثاثوں کو بھی نشانہ بنائے گا: ایرانی میڈیا

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے گزشتہ شب ایران کے بنیادی انفرااسٹرکچر پر حملوں کے بعد ایران نے اپنے اہداف کی فہرست میں اسٹریٹجک تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

فارس نیوز نے ذرائع کا حالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب ایران خطے میں امریکا اور اسرائیل سے وابستہ صرف فوجی اہداف اور تنصیبات تک خود کو محدود نہیں رکھے گا۔

ذرائع کے مطابق ایران نے اہداف کی فہرست میں تبدیلی کی ہے جس میں اب خطے بھر میں امریکا اور اسرائیل کے اہم اثاثے بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔

نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں کسی غیرملکی مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے:عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس  عراقچی نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں کسی غیر ملکی مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ یہ ایرانی عوام کا اختیار ہے کہ وہ اپنا نیا رہبر منتخب کریں، یہ صرف ایرانی عوام کا کام ہے کسی اور کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کا صدارتی دفتر، کابینہ، پارلیمنٹ اور دیگر سیاسی ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

ایرانی پاسدارن انقلاب کا 24 گھنٹوں میں 4 امریکی میزائل شکن دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی پاسدارن انقلاب کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 امریکی میزائل شکن دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکی تھاد میزائل دفاعی نظام سے منسلک 4 ریڈار تباہ کر دیے ہیں۔

تہران میں آئل ڈپو پر حملے کے بعد شہر کالے دھوئیں سے ڈھک گیا،بارش کے پانی میں بھی تیل کے ذرات شامل

ایران کے دارالحکومت تہران میں گزشتہ رات آئل ڈپو پر حملے کے بعد صبح سے شہر میں دھوئیں کے کالے بادل چھائے رہے۔

تہران میں موجود سی این این کے نمائندے نے  آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ تہران میں بارش برسی تو ساتھ میں تیل کے ذرات بھی شامل ہوگئے جس سے بارش کا پانی سیاہ ہوگیا۔

کسی تنازع میں الجھنا نہیں چاہتے لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کا حق رکھتے ہیں: متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اپنی سرزمین پر ایرانی حملوں کے مقابلے میں اپنے دفاع میں کام کر رہے ہیں۔

اماراتی وزارتِ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کسی بھی تنازع یا کشیدگی میں الجھنا نہیں چاہتا لیکن اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کا مکمل حق رکھتا ہے۔

8 ڈرونزکو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے پرتباہ کردیا گیا، سعودی وزارت دفاع

سعودی وزارت دفاع نے 8 ڈرونزکو  اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

Share This Article

تازه ترین