امریکا کا ایران کو اسلحہ اور گولہ بارود کی فراہمی روکنےکیلئے بحری جہازوں کی تلاشی کا اعلان
امریکا نے ایران کو اسلحہ، گولہ بارود اور ایٹمی مواد کی فراہمی روکنے کے لیے ایران جانے والے بحری جہازوں کی تلاشی کا اعلان کردیا۔
امریکی نیوی ایڈوائزری کے مطابق جہازوں کی تلاشی لے کر چیک کیا جائےگا کہ کہیں ان پر ہتھیار، ویپن سسٹمز، اسلحہ، ایٹمی مواد، خام یا صاف تیل ، لوہا، اسٹیل یا المونیم تو نہیں لدا۔
امریکی نیوی ایڈوائزری کے مطابق ایران جانے والے جہازوں کی یہ تلاشی کھلے سمندروں میں کہیں بھی لے جاسکےگی۔
آبنائے ہرمز کی ناکابندی: گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے 14 جہازوں کو واپس بھیجا
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکا بندی نافذ ہونے کے بعد گزشتہ 72 گھنٹوں میں امریکی افواج نے 14 جہازوں کو واپس بھیجا۔
امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی افواج صرف ان جہازوں کو روک رہی ہے جو ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کو آج رات سے لبنان میں ممکنہ جنگ بندی کیلئے تیار رہنے کے احکامات مل گئے: اسرائیلی اخبار کا دعویٰ
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان میں آج رات سے جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی فوج کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ممکنہ جنگ بندی کے لیے تیار رہے جو آج رات سے نافذ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجی سطح پر اس حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
لبنانی صدر اسرائیلی وزیراعظم سے بات نہیں کریں گے، لبنانی حکام نے امریکا کو بتادیا
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ لبنان کے صدر جوزف عون مستقبل قریب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بات نہیں کریں گے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے لبنانی حکام نے کہا کہ صدر جوزف عون اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ نہیں کریں گے اور حکام کے مطابق واشنگٹن میں لبنانی سفارتخانے نے امریکی حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کو امریکا کی ثالثی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی بات چیت کے لیے ایک دھچکہ قرار دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل اسرائیل کی سکیورٹی کیبنٹ کے ایک رکن نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو لبنان کے صدر سے بات کریں گے۔
دنیا چند ظالم حکمرانوں کے قبضے میں ہے، اربوں ڈالر قتل و غارت پر خرچ ہو رہے ہیں: پوپ لیو
کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے عالمی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ’چند ظالم حکمرانوں‘ کے ہاتھوں تباہی کا شکار ہے اور جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
کیمیرون کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں پوپ لیو نے کہا کہ جنگ کے علمبردار یہ دکھاوا کرتے ہیں کہ انہیں معلوم نہیں کہ تباہی میں صرف ایک لمحہ لگتا ہے، لیکن تعمیر نو کے لیے اکثر پوری زندگی بھی کم پڑ جاتی ہے۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ اربوں ڈالر قتل و غارت اور تباہی پر خرچ ہو رہے ہیں جبکہ صحت، تعلیم اور بحالی کے لیے درکار وسائل کہیں نظر نہیں آتے۔
ایران نے زیرِ زمین میزائل بیسز تک پہنچنے والی سرنگوں سے ملبہ ہٹانا شروع کردیا
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کے مطابق ایران نے جنگ بندی کے دوران اپنی زیرِ زمین میزائل بیسز کے داخلی راستوں سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھاری مشینری کے ذریعے بند سرنگوں سے ملبہ ہٹا کر قریبی ڈمپ ٹرکس میں منتقل کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل سی این این کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل ان بیسز کے داخلی راستوں کو نشانہ بنا رہے تھے تاکہ میزائل لانچرز نہ ہی باہر نکل سکیں، نہ فائر کر سکیں اور نہ ہی واپس جا کر دوبارہ میزائلوڈ کرسکیں۔
امریکی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی انٹیلیجنس کا اندازہ ہے کہ ایک ماہ کی لڑائی کے بعد بھی ایران کے تقریباً نصف میزائل لانچرز محفوظ رہے تاہم ان میں سے کئی سرنگوں کے داخلی راستوں پر حملوں کے باعث زیرِ زمین دب گئے تھے۔
امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے جدید جاسوس ڈرون MQ-4C ٹرائیٹن کے تباہ ہونے کی تصدیق کردی
امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا جدید ترین MQ-4C ٹرائیٹن جاسوس ڈرون مشرق وسطیٰ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس سے امریکا کے لیے انٹیلیجنس سے متعلق خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
امریکی نیول سیفٹی کمانڈ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون 9 اپریل 2026 کو تباہ ہوا، تاہم ’آپریشنل سکیورٹی‘ وجوہات کی بنا پر اس کے تباہ ہونے کے مقام کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں اس واقعے کو حادثہ قرار دیا دیتے ہوئے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید17 افراد جاں بحق ہوگئے
لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، آج ہونے والے اسرائیلی حملوں میں مزید17 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں مارچ سےشروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 89 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی حملوں میں 6 ہزار 762 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کے خلاف جنگ پر امریکا کے 51 ارب ڈالر سے زائد اخراجات
ایران جنگ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایران وار کاسٹ ٹریکر‘ ویب سائٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف 46 روزہ فوجی مہم کے دوران 51.2 ارب ڈالر سے زائد خرچ کیے۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے 10 مارچ کو امریکی کانگریس میں پیش کی گئی دستاویز میں اس فوجی مہم کے مالی حجم کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق جنگ کے پہلے ہفتے میں ہی 11.3 ارب ڈالر خرچ ہوئے، جبکہ اس کے بعد روزانہ کے اخراجات تقریباً ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق ایران جنگ میں امریکا اور فی سیکنڈ 11 ہزار 500 ڈالر سے زائد کے اخراجات برداشت کرنے پڑرہے ہیں۔
امریکی ناکہ بندی جاری رہی تو بحیرہ احمر میں بھی ہرقسم کی تجارت بندکروادیں گے، ایرانی فوج
ایرانی فوج نے دھمکی دی ہےکہ ایرانی سمندروں کی امریکی ناکہ بندی جاری رہی تو خلیج اور خلیج عمان سمیت بحیرہ احمر میں ہر قسم کی تجارت بند کروادیں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کی مرکزی کمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے کمانڈر جنرل عبداللّہی نے کہا ہے کہ ایران کی تمام بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا جاری رہنا جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی ہے، اگر یہ ناکہ بندی جاری رکھی گئی تو بحیرہ احمر سے ہونے والی تجارت کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور مفادات کے دفاع کے لیے مضبوط اقدامات کرےگا۔
ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں شریک دیگر ممالک ہرجانہ ادا کریں: امیر سعید ایروانی
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے امیر سعید ایروانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں شرکت کرنے والے ممالک ہرجانہ ادا کریں۔
امری سعید ایروانی نے کہا کہ ایران کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے ممالک نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، ان ممالک کو ایران کو ہونے والے تمام مادی اور اخلاقی نقصانات کا مکمل ہرجانہ کرنا ہوگا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان ممالک میں بحرین، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن شامل ہیں۔
امریکی ناکہ بندی کے باوجود ایرانی بندرگاہوں سے آنیوالے 2 جہاز آبنائے ہرمز عبور کرگئے
میرین ٹریکنگ کمپنی کپلر کے ڈیٹا کے مطابق ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے کم از کم 2 جہاز امریکی فوجی ناکہ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لائبیریا کا پرچم بردار بلک کیریئر ’کرسٹیانا‘ ایرانی بندرگاہ بندر امام خمینی میں مکئی اتارنے کے بعد پیر کو آبنائے ہرمز سے گزرا جبکہ امریکی ناکہ بندی دو گھنٹے قبل نافذ ہو چکی تھی۔
اسی طرح کوموروس کا پرچم بردار ٹینکر ’ایلپس‘ بھی پیر کو جزیرہ لارک کے پاس موجود تھا اور بعد میں آبنائے ہرمز عبور کر گیا۔
ڈیٹا کے مطابق دونوں جہاز ایرانی ساحلی حدود کے قریب سے گزرتے ہوئے اس اہم آبی گزرگاہ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
چین نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےفروغ کیلئے 4 نکاتی تجویز پیش کردی
بیجنگ میں چین کے صدرشی جن پنگ سے یو اے ای کے ولی عہدشیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر نےکہا کہ مشرق وسطیٰ کے لیے مشترکہ اور جامع تعاون پر مبنی پائیدار سکیورٹی نظام کی تشکیل ناگزیر ہے، دنیا کو جنگل کے قانون میں واپس جانے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔ تمام ممالک کے افراد، تنصیبات اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے، ترقی اور سکیورٹی کو ایک ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔
چین پر ایران کو فوجی مدد فراہم کرنے کا الزام مکمل طور پر من گھڑت ہے: ترجمان چینی وزارت خارجہ
چینی وزارت خارجہ کہ ترجمان نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کو ہتھیار فراہم کرنے کے الزامات کو بنیاد بناکر چین پر ٹیرف میں اضافہ کیا توبیجنگ جوابی اقدامات کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ چین پر ایران کو فوجی مدد فراہم کرنے کا الزام مکمل طور پر من گھڑت ہے، چین ہمیشہ فوجی سازوسامان کی برآمدات میں محتاط اور ذمہ دارانہ پالیسی اپناتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اپنے قوانین اور بین الاقوامی ذمے داریوں کے مطابق سخت کنٹرول رکھتا ہے۔