شفقنا اردو: ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کسی قسم کی میزائل یا ڈرون کارروائی نہیں کی اور اگر ایسا کوئی اقدام کیا جاتا تو اس کا واضح طور پر اعلان کیا جاتا۔
ترجمان نے اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔
بیان میں اماراتی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کو ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے امریکی اور صہیونی افواج اور ان کے فوجی سازوسامان کا مرکز نہیں بننا چاہیے، ایسا کرنااسلامی دنیا کو دھوکا دینےکے مترادف ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل عالم اسلام کے دشمن ہیں جو خطےمیں عدم استحکام کی وجہ بن رہےہیں۔پروپیگنڈا، جھوٹےالزامات اور مظلومیت کا ڈھونگ مسائل حل نہیں کرسکتے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی سرزمین سے ایران کے جزائر، بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اس کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بھرپورجواب کے بعد امارات کو اپنےکیے پرافسوس ہوگا۔