ایرانی سفارت کاروں کو امریکا سے نکالا نہیں گیا: عباس عراقچی نے امریکی دعوے کی تردیدکردی

شفقنا اردو:  ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان امریکی دعووں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد واپس جانے سے انکار پر ایرانی سفارت کاروں کو امریکا سے ‘نکال’ دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری ایک بیان میں عباس عراقچی نے واضح کیا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام ایرانی سفارت کار اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق واپس روانہ ہوئے، سوائے ایک سفارت کار کے جو شیڈول سے پہلے ہی جا چکے تھے۔

عباس عراقچی کا یہ بیان امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دو ایرانی سفارت کاروں نے امریکی محکمہ خارجہ کی اس ہدایت کو ماننے سے انکار کر دیا تھا جس میں اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے تمام ارکان کو پیر کے روز فوری طور پر امریکا چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے سفارت کاروں کی بے دخلی پر فخر کرنے کو انتہائی نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طرزِ عمل مایوسی اور شکست کی عکاسی کرتا ہے۔

Share This Article

تازه ترین