پشاور نجی اسکول سانحہ: درجنوں بچوں کی موت کا ذمہ دار کون؟

پشاور اسکول سانحے میں بچ جانے والے بچے لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور نصیر اللہ بابر ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ گلی محلوں میں کرائے کے خستہ حال گھروں میں ایسے کئی اسکول قائم ہیں۔ حکومتی انکوائری کے فرسودہ اعلان پرابھی سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس اسکول کی عمارت کے بارے میں پہلے سے شکایات موجود تھیں۔

پشاورمیں حالیہ بارشوں کے دوران بھی اس اسکول کی چھت ٹپک رہی تھی۔ بچوں نے اس بارے میں اپنے والدین کو مطلع کیا اور والدین نے اسکول انتظامیہ سے شکایت بھی کی تھی، لیکن انتظامیہ نے بچوں اور والدین کی بات کو نظراندازکردیا۔ مذکورہ نجی اسکول الخیرنامی ٹرسٹ کے زیرانتظام چلایا جا رہا تھا، جسے واقعے کے فوری بعد سیل کردیا گیا ہے۔ یہ واقعہ جہاں نجی اسکولوں کے معیار اور پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی پرسوالیہ نشان ہے، وہیں یہ صوبائی حکومت کے تعلیمی نظام اور نجی اسکولوں پرچیک اینڈ بیلنس پربھی سوال اٹھاتا ہے۔

پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے رکن اورپرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک کے صدر فضل اللہ داودزئی کا کہنا تھا، ”انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ انکوائری کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مینیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولزاتھارٹی سے ملاقات کی ہے اورتمام نجی اسکولوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ جہاں کہیں بھی کوئی خدشہ ہوگا، وہاں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اسکول کے پرنسپل کے اپنے بچے بھی اس میں متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرہ بچوں کے والدین اوررشتہ دار کیا کہتے ہیں؟

نجی اسکول کے اس افسسوسناک واقعے ہلاک ہونے والے بچوں میں ایک ہی گھرکے دوبچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے بچوں کے ماموں حسین احمد نے بتایا، ”میرے دوبھانجے اس سانحے میں موت کے مُنہ میں چلے گئے اور دو زخمی ہیں جو اس وقت بھی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ہم صرف یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ درجنوں گھراجاڑنے والوں کے خلاف شفاف انکوائری کی جائے اوراس طرح کے تمام اسکول مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ مزید بچے اس طرح جان سے نہ جائیں۔‘‘

الخیر ٹرسٹ کے نجی اسکول حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تربچوں کو طبی امداد کے لیے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا گیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ”مجموعی طورپر53 افراد کوہسپتال لایا گیا ہے، جس میں 35 جان سے گئے ۔ 26 بچوں کی میتیں والدین اوررشتہ داروں کے حوالے کی گئی ہیں۔ 22 بچے تاحال زیر علاج ہیں، جن میں سے تین کی سرجری کا عمل جاری ہے۔ ان کی حالت تشویشناک ہے۔ ہسپتال میں تمام سہولیات موجود ہیں اور صوبے کا بڑا ہسپتال ہونے کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے۔‘‘

پشاور کے الخیر ایجوکیشن سسٹم کے نجی اسکول میں رونما ہونے والے حادثے کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین جاوید اقبال کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے ڈپٹی سکریٹری محمد فاروق کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ کمیٹی کو حادثے کی وجوہات، غفلت اورعمارت میں تعمیری اور ساخت کے نقائص کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاوید اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ”نجی اسکول رجسٹریشن کے وقت تین اہلکاروں پر مشتمل معائنہ ٹیم میں کوئی ٹیکنیکل اہلکار نہیں ہوتا۔ ہمیں حکومت کی جانب سے جو قوانین دیے جاتے ہیں، ہم اسی پرعمل کرنے کے پابند ہیں۔ پی ایس آراے کو اسکول رجسٹر کرنے اوراسے ریگولیٹ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔‘‘

گورنر خیبر پختونخوا کی ایڈوائزری کونسل کی رکن برائے اطلاعات ثمرہارون بلور کا کہنا تھا، ”یہ ایک دلخراش واقعہ ہے۔ ہم ان بچوں کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ والدین جس طرح چاہیں گے، اسی طرح قانونی کارروائی ہوگی۔ جن لوگوں کی غفلت کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے، انہیں سزا دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘

نجی اسکول کی چھت گرنے کے نتیجے میں لقمہ اجل بننے والے بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ پشاور کے سائنس کالج گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبر پختونخوا سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گورنر کا کہنا تھا، ”زخمی بچوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ اٹھائی جائے۔ واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور وجوہات کا تعین کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دردناک سانحہ ہے۔ ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘

خیبرپختونخوا کے شہری اوردیہی علاقوں میں گلی محلوں میں نجی اسکول قائم کیے گئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 60 سے 70 فیصد اسکول کرائے کی عمارتوں میں کھولے گئے ہیں۔ نجی اسکولوں کے لیے حکومت کی کوئی خاص پالیسی نہیں۔ سرکاری نظام تعلیم پر عدم اعتماد کی وجہ سے محکمہ تعلیم کے چوکیدار سے لے کر سکریٹری تعلیم تک کے بچے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بدامنی کی وجہ سے کارخانے بند ہوئے توسرمایہ داروں نے تعلیم میں سرمایہ کاری شروع کی، جس میں کسی قسم کے خسارے کا امکان نہیں ہے۔ ان اسکولوں میں زیادہ تر سیاستدانوں یا ریٹائرڈ بیوروکریٹس کی ملکیت ہیں، جبکہ بعض سیاسی جماعتوں کا پورے ملک میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں کا ایک مکمل نیٹ ورک موجود ہے۔ نجی اسکولوں کا نیٹ ورک اس قدرپھیل گیا ہے کہ اس پر حکومتی اداروں کی گرفت انتہائی کمزور ہو گئی ہے۔

بشکریہ: ڈی ڈبلیو

نوٹ: شفقنا کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں

Share This Article

تازه ترین