شفقنااردو: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت، خصوصاً آبنائے ہرمز کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے رابطوں اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بات چیت ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکا نے ایران پر تازہ حملے کیے ہیں جن میں کئی ساحلی علاقوں پر بمباری کی گئی ہے۔