شفقنااردو: ایک خلیجی سفارت کارکا کہنا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں اور خطے میں موجود امریکی اتحادیوں کے ساتھ ان کے تحقیر آمیز رویے پر پائی جانے والی وسیع بے چینی نے امریکا اور خطےکی بااثر ریاستوں کے درمیان اعتمادکے فقدان کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق خلیجی ملک سے تعلق رکھنے والے ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ خطےکے ممالک کو یہ احساس ہو چکا ہےکہ امریکا نہ صرف ایران کے ساتھ فوجی محاذ آرائی میں ناکام رہا ہے بلکہ اس میں ایران کے ساتھ سفارتی سمجھوتے تک پہنچنےکی صلاحیت اور اعتماد بھی موجود نہیں۔
سفارتی ذریعےکے مطابق علاقائی ریاستیں اس صورتحال کو تباہ کن بے بسی قرار دے رہی ہیں، جس کی بنیادی وجہ ٹرمپ انتظامیہ کی یہ ناکامی ہےکہ وہ اسرائیلی حکومت سے آزاد ہوکر فیصلےکرنےکی صلاحیت نہیں رکھتی۔ اس صورتحال کے باعث خطےکےکئی ممالک میں یہ سوچ تیزی سے پروان چڑھ رہی ہےکہ انہیں اپنے مسائل ایران کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے خود اقدامات کرنے چاہئیں اور اس معاملے میں امریکی فیصلوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔