شفقنااردو: پاکستان نے بھارتی وزیرداخلہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ پاکستان نے بھارت میں دہشت گردی کے لیے لوگ بھیجے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم کا ایک اور مظاہرہ ہیں، بھارت اپنے داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت محدود سیاسی مفادات کیلئے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے، بھارت اندرونِ ملک اقلیتوں کو دبا رہا ہے، اختلافِ رائے کو خاموش کر رہا ہے، بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد اور دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں ہٹاسکتے، بھارتی بے بنیادالزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی بیرون ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹاسکتے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد باربھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کےشواہد عالمی برادری کے سامنے رکھ چکا ہے، زیرحراست بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن جادھو پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت کے براہِ راست ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے ، عالمی برادری بھارت کو خطے میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کیلئے جوابدہ ٹھہرائے۔
اس سے پہلے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جھوٹا الزام لگایا تھا کہ بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 200 افراد کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ امیت شاہ نے الزام لگایا تھا کہ یہ افراد بھارت میں تخریبی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔
تاہم پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔